ڈیر ہ اسماعیل خان،متعدد افراد پیٹ و گیسٹرو کی بیماری میں مبتلا ہو کر ہسپتال پہنچ گئے

ڈپٹی کمشنر کا نوٹس ،محکمہ صحت ،پبلک ہیلتھ کو فوری کارروائی کا حکم ،متعلقہ محکمہ جات کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئیں

پیر 20 جون 2022 22:09

ڈیر ہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2022ء) ڈیرہ کے نواحی علاقہ ظفر آباد کالونی کے کامرانی چوک میں متعدد افراد پیٹ اور گیسٹرو کی بیماری میں مبتلا ہو کر ہسپتال پہنچ گئے، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عنایت اللہ وسیم نے فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت اور پبلک ہیلتھ کو فوری کارروائی کا حکم دیدیا ،متعلقہ محکمہ جات کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ظفر آباد کالونی کے علاقے کامرانی چوک پر پینے کے پانی میں نکاسی آب کے نالے کا پانی شامل ہونے کی وجہ سے متعدد افراد پیٹ کی بیماری یعنی دست اور الٹیوں کا شکار ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عنایت اللہ وسیم کی ہدایت پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈیرہ ڈاکٹر حافظ محمد فاروق گل بیٹنی محکمہ صحت کی ٹیم کے ہمراہ ظفر آباد کالونی پہنچے ،علاقے میں موجود مریضوں کا معائنہ کیا ،دوائیں تجویز کیں اور چند افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ریفر کیا ، علاقے کے عمائدین کی تشویش پر انہیں مطمئن کیا اور ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرگل عجب خان کی موجودگی میں وہاں پر واٹر سپلائی ٹینکی سے اہلیان علاقہ کو پانی کی تمام پائپ لائن کو چیک کیاگیا، ٹینکی کے پانی اور گھروں میں سپلائی ہونے والے پانی کے متعدد نمونے لئے گئے اور ان نمونوںکو لیبارٹری سے ٹیسٹ کرانے کیلئے متعلقہ محکمہ کو بھجوا دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے محکمہ پبلک ہیلتھ کے ایکسین کو ہدایات جاری کرتے ہوئے فی الفور علاقہ کی عوام کو ریلیف دینے کا حکم دیدیا ۔دوسری جانب ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر حافظ محمد فاروق گل بیٹنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ممکنہ وباء پر قابو پانے کیلئے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں اور انشا اللہ بہت جلد اس پر قابو پالیں گے۔ اہلیان ظفر آباد کالونی نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈیرہ اسماعیل خان اور ایکسین پبلک ہیلتھ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بروقت احتیاطی تدابیر کیں اور میڈیکل ٹیم علاقے میں بھیجیں ۔

متعلقہ عنوان :

نصیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں