شہریوں کو پینے کا صاف پانی اور گندے پانی کی نکاسی کی سہولیات بہتر سے بہتر بنائی جائیں،ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز

جمعہ 1 نومبر 2019 18:30

نوشہرو فیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز کیپٹن ریٹائرڈ بلال شاہد را کی زیر صدارت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی نگران کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایکسین پبلک ہیلتھ غلام حیدر شیخ کے علاوہ محکمہ کے دیگر افسران اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے کہا کہ حکومت سندھ کی ہدایات ہیں کہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی اور گندے پانی کی نکاسی کی سہولیات بہتر سے بہتر بنائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کے پاس جو آر او پلانٹ موجود ہیں انہیں فعال رکھیں اور جن پلانٹس پر معمولی مرمت کی ضرورت ہے ان کی ضروری دیکھ بھال کرکے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ آئندہ ہفتے وار رپورٹ فراہم کی جائے تاکہ پتہ چل سکے کہ کہاں کون ساکام ہو ا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عملے کی کسی قسم کی غفلت کی اجازت ہر گز نہیں ۔

اجلاس کے بریفنگ دیتے ہوئے ایکسین پبلک ہیلتھ نے بتایا کہ کچھ آر او پلانٹ پر بیٹریاں نہ ہونے اور لائٹ نہ ہونے کے باعث مسائل پیش آرہے ہیں جنہیں جلد دور کیا جائے گا۔ جبکہ کہ مورو، کنڈیارو، ٹھارو شاہ اور بھریا روڈ میں نکاسی آب کی اسکیموں کے مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے حکم دیا کہ جہاں بھی ناجائز تجاوزات ہیں انہیں ہٹا کر فوری طور پر ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو پینے کے صاف پانی اور نکاسی آپ کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :

نوشہرو فیروز میں شائع ہونے والی مزید خبریں