نوشکی کے دیہی فیڈرز کے ساتھ کیسکو نے ظلم و ناانصافی کی انتہا کردی ہے،میر محمد اعظم ماندائی

بجلی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ،بار بار ٹرپنگ اور یوریا کھاد کی اسمگلنگ نے زمینداروں کو سخت کرب میں مبتلا کردیا ہے

جمعرات 20 جنوری 2022 17:03

نوشکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) زمیندار ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بی اینڈ آر ریسٹ ہاوس میں ضلعی صدر میر محمد اعظم ماندائی منعقد ہوا اجلاس میں زمینداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،اجلاس میں دیہی فیڈرز میں بجلی لوڈشیڈنگ میں اضافہ،ٹائمنگ کی تبدیلی،ٹرپنگ اور یوریا کھاد کی اسمگلنگ پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے ضلعی صدر میر محمد اعظم ماندائی ،میر خورشید جمالدینی،جنرل سیکرٹری حاجی شاہ زمان خان جمالدینی ،مولوی عبدالصمد مینگل ،کامریڈ جمیل بلوچ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوشکی کے دیہی فیڈرز کے ساتھ کیسکو نے ظلم و ناانصافی کی انتہا کردی ہے،بجلی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ،بار بار ٹرپنگ اور یوریا کھاد کی اسمگلنگ نے زمینداروں کو سخت کرب میں مبتلا کردیا ہے زمینداروں کے فصلوں کو پانی اور کھاد میسر نہیں ،حکومت اور کیسکو نے زمینداروں اور دیہی گھریلو صارفین کا جینا دوبھر کردیا ہے۔

(جاری ہے)

عوام اور زمینداروں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ،کیسکو کے ناانصافیوں اور معاہدوں کی خلاف ورزی کے خلاف ضلع کے زمینداروں نے کیسکو بجلی بلوں کی ادائیگی روک دی ہے،جبکہ یوریا کھاد کی مسلسل اسمگلنگ سے ضلع میں یوریا کھاد ناپید ہوچکا ہے،زمینداروں کو اپنے فصلوں کے لئے یوریا کھاد میسر نہیں ہے زمینداروں کو معاشی طور پر نان شبینہ کا محتاج بنایا جارہا ہے صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری کے احکامات کے باوجود نوشکی اور چاغی سے روزانہ کے بنیاد پر سینکڑوں گاڑیوں میں یوریا کھاد اسمگل کیا جارہا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ اسمگلروں کے ساتھ مل کر بھتہ وصولی میں مصروف ہیں، جبکہ انتظامیہ عملی طور پر چیف سیکرٹری کے احکامات کو ہوا میں اڑا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بجلی بلوں اور یوریا کھاد کے اسمگلنگ کے وجہ سے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور زمیندار تنگ آمد بجنگ آمد پر مجبور ہوچکے ہیں۔زمیندار ایکشن کمیٹی کا بجلی لوڈشیڈنگ میں اضافہ اور یوریا کھاد کے اسمگلنگ کے خلاف 26 جنوری کو پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا اور قومی شاہراہ کی غیر معینہ مدت تک بندش کے حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

نوشکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں