انسانی حقوق کا معاملہ اولین اہمیت کا حامل ہے، ہر شخص کی عزت و توقیر ہونی چاہیے،جیلوں کو دار الا صلاح بنائیں گے، صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین

ہفتہ 15 ستمبر 2018 23:03

اوکاڑہ۔15 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا معاملہ اولین اہمیت کا حامل ہے، ہر شخص کی عزت و توقیر ہونی چاہیے اور کسی جگہ بھی انسانیت کی تذلیل کا باعث بننے والے رویوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے، تعلیم صحت اور انصاف کی فراہمی کسی پر احسان نہیںہے، یہ لوگوں کا بنیادی حق ہے جس کے لئے حکو مت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کسی دقیقہ سے فروگذاشت نہیں کرے گی، جیلوں کو دار الا صلاح بنائیں گے اور پبلک سروس ڈیلیوری سسٹم کی خرابیوں کو دور کرنے کے لئے اصلاحات لانا ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ کا دورہ کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سلیم صادق،واجد بینٹ ،پیر نسیم الدین سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی جیل خانہ جات ساہیوال ڈویژن کامران انجم اور سپرنٹنڈنٹ جیل نور حسن بگھیلا نے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب اعجاز عالم آگسٹین کا جیل پہنچنے پر استقبال کیا ۔

جیل کے چاک و چوبند دستے نے صوبائی وزیر کو سلامی پیش کی ۔صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ جیل میں شجر کاری مہم کے سلسلہ میں ایرو کیریا کا پودا لگایا، بعد ازاں انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل کے ہسپتال ،کچن ،جیل لائبریری،اسیران کے سکول ،نو عمر وارڈ ،بیرکوں،خواتین بیرکوں ،کمپیوٹر لیب اور سیکیورٹی روم کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات کامران انجم اور سپرنٹنڈنٹ جیل نور حسن بگھیلا نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ جیل میں اس وقت 1023اسیران ہیں 127سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جیل کی سیکیورٹی اور مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ اسیران کو کھیل ،لائبریری کی سہولت کے ساتھ ساتھ قانون کے مطابق دیگر سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں، اسیران کو لکھنا پڑھنا سکھانے اور قرآن کی تعلیم کیلئے با قاعدہ کلاسسز لگائی جا رہی ہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ انسانی حقوق کے سلسلہ میں طے شدہ معیار اور قوانین پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے ،جیل میں اگر کوئی سزا کاٹ رہا ہے تو اس کے بھی حقوق ہیں اس کی بھی عزت اور وقار کا خیال رکھا جائے اور بہتر رویے سے لوگوں کو جرم کی دنیا سے دور کرتے ہوئے انہیں معاشرہ کا کار آمد شہری بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ جیل ریفارم کمیٹیوں کو متحرک کرتے ہوئے اس سسٹم کو بہتر بنانا ہے ،انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے شعبہ میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس کام میں این جی اوز کے ساتھ ساتھ معاشرہ کے صاحب الرائے لوگوں کو آگے آنا چاہیے تاکہ انسانی رویوں میں بہتری پیدا ہو معاشرہ میں ہر شخص کی عزت و توقیر ہو اور بلا امتیاز سب کو صحت ،انصاف ،تعلیم کی سہولیات دستیاب ہوں ۔

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب اعجاز عالم آگسٹین نے اسیران سے ان کے مسائل دریافت کئے جیل کے سکول میں زیر تعلیم نو عمراسیران اور خواتین اسیران کے کیسز سے متعلق جیل انتظامیہ سے معلومات حاصل کیں ،انہوں نے کہا کہ معمولی جرائم میں قید خواتین اور کم عمر اسیران کی رہائی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں