خیبر پختونخوا فلور ملز انڈسٹری کوگندم کی ترسیل پر پابندی ختم کی جائے ، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا

جمعہ 5 مئی 2023 23:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2023ء) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا فلور ملز انڈسٹری کوگندم کی ترسیل پر پابندی ختم کی جائے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں خیبر پختونخوا کی فلور ملزانڈسٹری کوتباہی سے بچانے کے لئے صوبے کے عوام کیلئے اسپیشل ریلیف پیکیج کا اعلان کریں۔

پشاور پریس کلب میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے چیئرمین حاجی محمد اقبال اور گروپ لیڈر محمد نعیم بٹ نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 151 کے تحت گندم یا کسی بھی دیگر فوڈ آئٹم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر کسی بھی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی جاسکتی، ، وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے صوبائی وزراء خوراک، وفاقی سیکر یٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے چیف سیکر یٹریز سے گزشتہ ادوار میں بھی کئی بار گندم کی نقل و حمل پر عائد پابندی مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے اپیل کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پھربھی گندم کی خیبر پختونخواہ ترسیل پر پابندی لگا دی جاتی ہے۔ ہم وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاق کی جانب سے خیبر پختونخواہ کی عوام کیلئے اسپیشل ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے تاکہ خیبر پختونخوا ہ کی فلور ملز انڈسٹری اور اس میں کام کرنے والے مزدوروں کا روزگار بحال ہوسکے اور عوام تک جلد ازجلد سستے آٹے کی فراہمی ممکن بنائی جائے انہوں نے کہا کہ اس اقدام کی وجہ سے خیبر پختونخواہ کی فلور ملز انڈسٹری بند ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت جو گزشتہ سال مئی کے مہینہ میں 1500 تھی اس سال بڑھ کر 3000روپیسے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ کچھ ہی دنوں میں قیمتیں بڑھ کر 3500 سے4000 روپے تک پہنچ جائیں گی ۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، گورنر خیبر پختونخواہ غلام علی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمداعظم خان، وزیر خوراک خیبر پختونخواہ جناب شیرازاکرم باچا، چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ اور محکمہ خوراک خیبر پختونخوا ہ سے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخواہ کی فلور ملز کو بھی پنجاب کی پرائیویٹ مارکیٹ سے آزادانہ طور پر گندم خریداری کی اجازت دی جائے،تاکہ خیبر پختونخواہ کی بند فلور ملز انڈسٹری بھی چل سکے اور خیبر پختونخواہ کی عوام کو سستا اور معیاری آٹا فراہم کیا جاسکے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں