چیمبرز اور بیورو کریسی ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں او ان کے مابین مضبوط روابط سے قابل عمل پالیسیوں کو بنانے اوراسے نفاذ کرنے میں آسانیاں پیدا ہوں گی،فواد اسحق

ہفتہ 24 فروری 2024 22:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2024ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے خیبر پختونخوامیں صنعتی ترقی اور کاروبار کے فروغ کیلئے پانچ سال کیلئے تمام ٹیکسوں میں استثنیٰ اورخصوصی ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت سے پائیدار اور دیرپا معاشی پالیسیوں کیلئے چیمبرز اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے اور ان کی باہمی مشاورت سے کاروبار دوست پالیسیاں مرتب کرنے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ چیمبرز اور بیورو کریسی ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں او ان کے مابین مضبوط روابط سے قابل عمل پالیسیوں کو بنانے اوراسے نفاذ کرنے میں آسانیاں پیدا ہوں گی جبکہ صدر فواد اسحق نے انڈسٹریلائزیشن کے فروغ اور صنعتوں اور کاروبار کوچلانے کیلئے سستے نرخوں پربلا تعطل بجلی اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ،ْنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد کی ڈائریکٹنگ سٹاف سیمی اے خان کی سربراہی میں 39ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس ان لینڈ ٹور کے سینئر افسران پر مشتمل وفد کے دورہ سرحد چیمبر کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر ثناء اللہ خان ،ْ ایگزیکٹوکمیٹی کے اراکین عمران خان مہمند ،ْ منہاج الدین ،ْ اسماعیل صافی ،ْ حمزہ ابراہیم بٹ ،ْ سرحد چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر ضیاء الحق سرحدی ،ْ راشد اقبال صدیقی ،ْاحسان اللہ ،ْ اشتیاق محمد ،ْ صدر گل ،ْ سیکرٹری جنرل سجاد عزیز سمیت تاجر و صنعت کار بھی موجود تھے ۔

سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے NIM اسلام آباد میں زیر تربیت آفیسر کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بالخصوص خیبر پختونخوا میں کاروبار و صنعتی ترقی کیلئے امن و امان کا قیام بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریلائزیشن کے فروغ اور کاروبار کے چلنے سے ہی ملک میں معاشی استحکام آئے گا اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پوٹنشل کی کوئی کمی نہیں ہے جہاں پر قدرتی ذخائر جیسے معدنیات ،ْ قیمتی پتھر ،ْ زراعت ،ْ سیاحت اور دیگر اہم شعبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر سرحد چیمبر کے زیر اہتمام مئی کے پہلے ہفتے میں ’’خزانوں بھرا خیبر پختونخوا ‘‘ ’’وطن کے معمار تاجر و صنعت کار ‘‘ کے موضوع سے منعقد کی جانیوالی کانفرنس سے متعلق شرکاء کوآگاہ کیا اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے متعلق تفصیلی روشنی ڈالی ۔ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے کہا ہے کہ نئے کاروبار اور روزگار کی ترقی کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کا اجراء بہت ضروری ہے ۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخو میں صنعتی لگانے کیلئے سستے نرخوں پرصنعتی اراضی اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے کاروبار کوفروغ اور انڈسٹریلائزیشن کو ممکن بنایا جاسکتا ہے جس سے روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار اور صنعتیں چلیں گی تو ہی معاشی ترقی وخوشحالی کا حصول ممکن ہوسکے گا۔

انہوں نے سی پیک کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے بارے میں جو توقعات وابستہ تھی وہ ابھی تک حاصل نہیں ہوسکیں جس کی وجہ سے بزنس کمیونٹی بھی اس اہم منصوبے سے بھرپور انداز میں تاحال استفادہ حاصل نہیں کرسکی۔ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے ٹیکسوں کی شرح کو سنگل ڈیجیٹ پر لانے ،ْ 224آئٹمز کی ڈیوٹیز کو افغانستان کے ڈیوٹیز کے برابر لانے ،ْ پالیسیوں پر نظرثانی کرکے نرمی لانے سمیت جیمز ،ْسمیت قدرتی ذخائرسے استفادہ حاصل کرنے اور اہم شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے موثر و عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا ۔

اس سے قبل سرحد چیمبر کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سیل کی جانب سے ایک تفصیلی ملٹی میڈیا پریذنٹیشن کے ذریعے سرحد چیمبر کے قیام ،ْ تاریخ ،ْ اغراض و مقاصد ،ْ بزنس کمیونٹی کوریلیف و مراعات فراہم کرنے کے لئے اقدامات اور مستقبل کے پروگرام اور اقدامات کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی طور پرآگاہ کیاگیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں