آئی ایم یو ملازمین کے صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب

جمعہ 18 جنوری 2019 16:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ(آئی ایم یو) محکمہ تعلیم خیبر پختونخواہ کے ملازمین کے صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے جس سے آزاد مانیٹرنگ یونٹ کے ملازمین نے اپنا احتجاج موخر کر دیا ۔انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ محکمہ تعلیم خیبر پختونخواہ کے ملازمین نے 16 جنوری کو پشاور میں خیبر پختونخواہ کی صوبائی اسمبلی کے سامنے اپنے مطالبات کیلئے احتجاج کی کال دی تھی۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت جلد سے جلد ہماری مستقلی کا بل اسمبلی سے پاس کرے اسکے ساتھ ساتھ انہوں نے سروس سٹرکچر اور پراجیکٹ کی سابقہ اور موجودہ دونوں پالیسوں کے مطابق بقایاجات کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا۔ جس پر صوبائی انتظامیہ اورانڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ محکمہ تعلیم خیبر پختونخواہ کے ملازمین کے درمیان 5گھنٹوں پر محیط طویل مذاکرات ہوئے ۔

(جاری ہے)

مذاکرات میں صوبائی انتظامیہ نے انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ خیبر پختونخواہ کے ملازمین کے تمام مطالبات کو منظور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور یقین دلایا کہ آنے والے اسمبلی اجلاس میں ملازمین کی مستقلی کا بل پاس ہوجائیگا جبکہ سروس سٹرکچر پر بل کے پاس ہونے کے بعد عمل درآمد کیا جائیگا جس پر ملازمین نے اپنا احتجاج اگلے 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کردیا ۔ اجلاس میں صوبائی انتظامیہ کیطرف سے پراجیکٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائرکٹر جبکہانڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ خیبر پختونخواہ کے ملازمین کی طرف سے صوبائی صدر اشتیاق علی، نائب صدر واجد عابدین، جنرل سیکرٹری زبیر لوہانی اور سیکرٹری اطلاعات واجد نظام پوری نے شرکت کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں