خریداری کیلئے آنے والے شہریوں سے موبائل فونز اور نقدی چوری کرنے والا ملزم گرفتار

جمعرات 25 اپریل 2019 15:40

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) پشاور پولیس نے بازاروں میں خریداری کے لئے آنے والے معمر اور سادہ لوح شہریوں سے موبائل فونز اور نقدی چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جس کی نشاندہی پر اس کے قبضے سے مسروقہ نقد رقم اور موبائل فونز برآمد کر لئے گئے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کیلئے حوالات منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مدعی ذیشان ولد ثمین جان سکنہ ستار شاہ کالونی نے تھانہ گلبرگ پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ وہ خریداری میں مصروف تھا کہ اس دوران کسی نامعلوم ملزم نے اس سے قیمتی موبائل چوری کر لیا، مدعی کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔

(جاری ہے)

ایس پی کینٹ وسیم ریاض نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی کینٹ حیدر علی اور ایس ایچ او تھانہ گلبرگ نعمان خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے گنجان آباد بازاروں میں چوری اور جیب تراشی جیسے مکروہ فعل میں ملوث ملزم کو جلد از جلد ٹریس کرکے گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا ۔

اے ایس پی حیدر علی کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ گلبرگ نعمان خان نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو حراست میں لیتے ہوئے ان کے بیانات قلمبند کئے، جبکہ اسی طرح ملزمان کی گرفتاری کی خاطر گنجان آباد بازاروں میں سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جس کے دوران گزشتہ روز کامیاب کارروائی کے دوران سادہ لوح شہریوں کے جیب کاٹنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران خریداری کے لئے آنے والے معمر شہریوں سے موبائل فونز اور نقدی وغیرہ چوری کرنے کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے سرقہ شدہ موبائل فونز ضلع جمرود میں فروخت کرکے پھر ہمسایہ ملک سمگل کرنے کا انکشاف کیا۔ ملزم کی نشاندہی پر اس کے قبضے سے تین عدد موبائل اور نقد رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ملزم کو مزید تفتیش کے لئے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ملزم سے مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں