وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیر سیفران شہریار خان آفریدی کی درخواست پر کوہاٹ کیلئے 40ارب روپے سے زائدکے ترقیاتی پراجیکٹس منظور کردئیے

جمعرات 12 دسمبر 2019 21:03

وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیر سیفران شہریار خان آفریدی کی درخواست پر کوہاٹ کیلئے 40ارب روپے سے زائدکے ترقیاتی پراجیکٹس منظور کردئیے
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2019ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی کی درخواست پر کوہاٹ کیلئے 40ارب روپے سے زائدکے ترقیاتی پراجیکٹس منظور کردئیے۔ اس حوالے سے بروز جمعرات وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے یہاں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی، سینیٹ میں لیڈر آف دی ہاوس شبلی فراز، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش، سابق وزیر قانون امتیازشاہد قریشی، آفتاب عالم ایڈووکیٹ، ساجد اقبال، اشتیاق قریشی، محمد قاسم اور دیگر موجود تھے۔

% اجلاس کے دوران شہریار خان آفریدی نے وزیر اعلی کو کوہاٹ میں نامکمل ترقیاتی پراجیکٹس اور سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ صوبے کے جنوبی اضلاع اور فاٹا کے ضم شدہ علاقوں کو پشاور سے ملانے کا راستہ ہے تاہم سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت اور ترقیاتی کاموں کے نامکمل ہونے کے باعث ضلع بھر میں سہولیات کا فقدان ہے۔

وزیر اعلیٰ نے موقع پر احکامات جاری کئے کہ جرما، شاہ پور، چمبائی، بہزادی، چکرگوٹھ اور گنڈالے میں کچی بستیوں کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دئیے جائیں۔انہوں نے سینئر ممبر ریوینیو بورڈ کو ہدایات جاری کیں کہ پندہ روز ے اندر اس حوالے سے رپورٹ مرتب کرکے پیش کریں۔وزیر اعلیٰ نے گمبٹ تحصیل کی بلڈنگ کی تعمیر کی فوری ہدائت کرتے ہوئے 230ملین روپے کی سمری منظور کی۔

شہر یار آفریدی نے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا کہ کوہاٹ میں مرکزی چوک کو کشادہ بنانے کیلئے قریبی دکانوں کو گرا کر سڑک بنانے کی ضرورت ہے جس کیلئے کنٹونمنٹ کے اعلیٰ افسران سے مذاکرات طے پاچکے ہیں اور صوبائی حکومت کو اب ادائیگیاں کرنا ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر ادائیگیوں کے احکامات دئیے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے نظام پور سے کے ڈی اے اور شیخاں اور پنڈی جانیوالی سڑک کی تعمیر کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدائت جار ی کی۔

انہوں نے بلی ٹنگ توئی بند کی بحالی کے احکامات بھی جاری کئے۔ محمود خان نے اے ڈی پی کے تحت کوہاٹ میں زرعی پراجیکٹس کی بھی منظوری دی جس میں چیک ڈیمز، تالاب اور ریٹرننگ والز شامل ہیں۔ انہوں نے کوہاٹ انجینئرنگ یونیورسٹی، کامسیٹس یونیورسٹی اور سٹیٹ لائف بلڈنگ کی عمارتوں کیلئے سرکاری زمین دینے کا بھی حکم دیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے وزیر اعلیٰ کی احمد فراز پارک کی عدم تعمیر کی طرف توجہ دلاتے ہوئے بتایا کہ احمد فراز پارک کی تعمیر کیلئے 2012میں صوبائی حکومت نے اعلان کیا تھا ۔ وزیر اعلیٰ نے معاملے کی فوری انکوائری اور نیا پارک بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ نے کوہاٹ میں سپورٹس گراونڈز اور سٹیڈیم بنانے کیلئے بھی احکامات جاری کئے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں