کامیاب جوان پروگرام; خیبرپختونخواہ کا نوجوان قرضہ ملنے پر خوشی سے نہال ہو گیا

حکومتی تعاون سے 11 ہزارسے زائد نوجوانوں نے ذاتی روزگار حاصل کرلیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جون 2021 14:56

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2021ء) : کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرنے والا خیبرپختونخواہ کا نوجوان خوشی سے نہال ہو گیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر نواجوانوں میں قرض کی تقسیم میں تیزی آ گئی جس کے بعد بلا تفریق قرضوں کی تقسیم سے نوجوانوں میں روزگار کی فراہمی کاعمل بھی تیز ہوگیا ہے۔ حکومتی تعاون سے اب تک 11 ہزارسےزائدنوجوان ذاتی روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

اسی طرح کا ایک نوجوان خیبرپختونخواہ کا رہائشی بھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے رہائشی محمد نواز نے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے اپنا برسوں پُرانا خواب پورا کر لیا۔ نوجوان محمد نواز نے کہا کہ وزیراعظم خود بھی خوبصورت ہیں اوران کا دل بھی خوبصورت ہے، پہلے بھی حکومتیں دیکھیں لیکن کسی نےغریب کا احساس نہیں کیا، پہلی مرتبہ کسی حکومت نےغریب کے بارے میں سوچا۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخواہ کے اس نوجوان کی کہانی کو وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار نے بھی اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شئیر کیا ۔ عثمان ڈارنے محمد نواز پر بنی ڈاکیومنٹری بھی شئیر کر دی۔
جس میں بتایا گیا کہ کیسے محمد نوازنے قرض کی حاصل رقم سےڈیری فارمنگ کا کام شروع کیا۔ محمد نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں بہت عرصے سے روزگارکی تلاش میں تھا مگر وسائل نہیں تھے، حکومت نے پیسے دیے تو اپنا روزگارکا مسئلہ حل ہو گیا، عمران خان سے پیار ہے، کامیاب جوان ٹیم اوروزیراعظم کا شکرگزار ہیں۔

اس موقع پر معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کوروزگارکی فراہمی کامشن پورا ہو رہا ہے، نوجوانوں کو برسر روزگار دیکھ کرخوشی محسوس ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کوبا اختیاردیکھنا چاہتے ہیں اور وزیرخزانہ بھی نوجوانوں میں رقم کی تقسیم تیزکرنے کے خواہشمند ہیں، انشااللہ چند ماہ میں رقم کی تقسیم کودوگنا کر دیں گے۔ یاد رہے کہ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت حکومت نے وفاقی بجٹ میں نوجوانوں کے لیے مزید 100 ارب روپے مختص کیے تھے۔ اب تک 11 ہزار نوجوان مرد اور خواتین میں 10 ارب روپے کی رقم تقسیم کئے گئے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں