ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کے زیر اہتمام ٹور ڈی وزیرستان نیشنل سایکل ریس کا آغاز ہو گیا

اتوار 28 نومبر 2021 19:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، کے پی سائیکلنگ ایسوسی ایشن،پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن، ایف سی اور ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کے زیر اہتمام ٹور ڈی وزیرستان نیشنل سایکل ریس کا آغاز ہو گیاہے۔کمشنر ڈیرہ ڈویزن عامر لطیف نے فیتہ کاٹ کر اور جھنڈا لہرا کر ریس کا افتتاح کیا اس موقع پر سٹیشن کمانڈر ڈیرہ، خیبر پختونخوا محکمہ سیاحت کے افسران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد اقبال وزیر اور ضلعی پولیس سربراہ سمیت پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن، خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسیشن، نیشنل اتھلیٹس، انجمن تاجران، سول سوسائٹی، سکولوں کے بچے، نوجوان اور مختلف مکاتب فکر کے افراد کی ایک کثیر تعد موجود تھی۔

، ڈویژنل کمشنر عامر لطیف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہر سال سائیکلنگ ریس منعقد کی جائے گی اور ڈیرہ کے عوام کو تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرینگے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹور ڈی وزیرستان سائیکل ریس میں قومی سطح کے سائیکل سوار حصہ لے رہے ہیں جو کہ مجموعی طور پر 189 کلومیٹر کا سفر 3 مرحلوں میں طے کریں گے۔پہلے مرحلے میں سائیکل سوار ڈیرہ اسماعیل خان سے ٹانک تک کا 69 کلو میٹر کا راستہ طے کریں گے۔

دوسرے مرحلے میں ٹانک سے گومل زام ڈیم تک کا 68کلومیٹر کا سفر طے کیا جائے گا۔ریس کے آخری مرحلے میں سائیکل سوار 52 کلو میٹر کا سفر گومل زام ڈیم تا وانا طے کریں گے، جہاں پر آخر میں اختتامی تقریب منعقد ہوگی اور انعامات تقسیم کیے جائیںگے۔پاک فوج کی جانب سے تقریب کے افتتاح کے موقع پر رنگارنگ تقریب کا انعقادکیا گیا اورسکول کے طلباء کی جانب سے ٹیبلو پیش کیا گیا، روایتی موسیقی اور گھوڑا رقص کی پرفارمنس نے حاضرین کے دل موہ لئے۔ملک بھر سے 7 ٹیموں، چاروں صوبوں اور اسلام آباد پر مشتمل 50 سے زائد سائیکلسٹ شریک ہونگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں