پشاور،ہماری ترجیحات تعلیم کی بہتری اور صوبے سے جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ ہے، ضیاء اللہ بنگش

محکمہ تعلیم کو دیگر صوبوں کیلئے ایک رول ماڈل کے طور پر پیش کریں گے،100روزہ پلان کی تکمیل پر عوام بڑی تبدیلی دیکھیں گے،-صوبائی مشیر تعلیم

منگل 18 ستمبر 2018 20:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) -صوبائی مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ ھماری ترجیحات تعلیم کی بہتری اور صوبے سے جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ ہے۔ ہم محکمہ تعلیم کو دیگر صوبوں کیلئے ایک رول ماڈل کے طور پر پیش کریں گے۔ جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور 100روزہ پلان کی تکمیل پر عوام بڑی تبدیلی دیکھیں گے۔

جبکہ پرائمری اور خواتین کی تعلیم کو 100روزہ پلان میں خصوصی توجہ دی جائے گی۔مشیر تعلیم نے ان خیالات کا اظہار سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان کی طرف سے دی جانے والی بریفنٖگ کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشن فریداللہ خٹک اور دیگر موجود تھے ۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو آ ئی ٹی، محکمہ سیاحت،ماحولیات اور دیگر اداروں کیساتھ لنک کیا جائے گا تا کہ محکمہ تعلیم کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق کمپیوٹرائزڈ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اسی طرح سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے درمیان صحت افزاء مقابلے کی فضاء پیدا کی جائے گی۔ جبکہ بجٹ میں پرانے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیساتھ ساتھ نئے منصوبوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر فیصلے میرٹ پر ہونگے اور اساتذہ کی کمی کو بھی دور کیا جا رہا ہے۔ 882 فیمیل ایس ایس ٹی استانیاں بھرتی ہوچکی ہیں جبکہ 1618میل ایس ایس ٹی اساتذہ کی بھرتی کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے۔

مشیر تعلیم نے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں کہ100روزہ پلان میں شامل منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کیا جائے کا کہ عوام کو ان کے مثبت فوائدملنا شروع ہو جائیں۔ جبکہ 5سالہ پلان کیلئے بھی تیاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی کی ہدایات کے مطابق پلان میں تمام عوامی مفاد کے منصوبے شامل ہیں جبکہ ہماری کوشش ہے کہ داخلہ مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کروائیں۔

اس صورت میں محکمہ تعلیم کیساتھ ساتھ والدین کو بھی اپنی زمہ داری بطریقئہ احسن ادا کرنی چاہئیے تاکہ ہم تمام مل کر تعلیم کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔ مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ بجٹ میں نئے منصوبوں کیساتھ ساتھ پرانے منصوبوں کی تکمیل اور سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں