ضلع ناظم پشاورکا گورنمنٹ پرائمری سکول بخشی پل کا دورہ

ہفتہ 22 ستمبر 2018 20:25

پشاور۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان کا گورنمنٹ پرائمری سکول بخشی پل کا دورہ‘سکول کی مرمت ‘ تزین و آرائش اور نکاسی آب کیلئے 25لاکھ روپے کا فنڈ مختص ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ضلعی کونسلر حسن گڑھی رضاء محمد خان نے ضلع ناظم پشاور کے نوٹس میں یہ بات لائی کہ گورنمنٹ پرائمری سکول بخشی پل جو کہ بڑے نالہ کے کنارے پر قائم ہے میں اکثر اوقات نالے کا پانی جمع ہوجاتاہے جس کے باعث طلباء اور اسا تذہ کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑتاہے اورنکاسی آب کا بندوبست نہ ہونے کے باعث کئی دنوں تک پانی کھڑارہتاہے اور درس و تدریس کا عمل جاری رکھنا کئی روز تک ناممکن ہوجاتاہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سکول کے فرش اور دیواروں کو بھی شدید نقصان پہنچاہے۔

(جاری ہے)

ضلع ناظم پشاور ای ڈی او میل کے ہمراہ متاثرہ سکول جائزہ لینے پہنچے اور صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے سکول کا نکاس آب کا سسٹم ٹھیک کرنے ‘ فرش‘ دیواروں کی مرمت اورتزین وآرائش کیلئے فوری طور پر 25لاکھ روپے کا فنڈ جاری کرنے کے احکامات جبکہ مرمت کے دوران تدریس کا عمل جاری رکھنے کیلئے قریبی علاقے میں جگہ مختص کرنے کے احکامات جاری کئے۔علاقہ ڈسٹرکٹ ممبر اوروالدین نے ضلع ناظم کے اقدام کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے انکا شکریہ اداکیا اس موقع پر ضلع ناظم نے انکو یقین دلایاکہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق بنیادی تعلیم کے بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیاجارہاہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں