افغانستان میں شہید کئے جانیوالے ایس پی طاہر داوڑ کے اغواء اور قتل کی تحیققات کیلئے جے آئی ٹی قائم

خیبرپختونحوا حکومت کا شہید کے لواحقین کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے امداد، بچوں کی تعلیم کیلئے سکالر شپ بھی دیئے جانے کا اعلان

جمعہ 16 نومبر 2018 23:33

اسلام آباد/ پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) افغانستان میں شہید کئے جانیوالے ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا ء اور قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی قائم کر دی گئی جبکہ شہید کے لواحقین کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے کی امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق افغانستان میں شہید ہونیوالے ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا اور قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی قائم کر دی گئی ہے، جے آئی ٹی 7 اراکین پر مشتمل ہے جس میں پولیس، انٹیلی جنس اور سی آئی ڈی افسران بھی شامل ہیں اور اس کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن کریں گے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے شہید طاہر داوڑ کے لواحقین کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے شہید پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ ایس پی طاہر داوڑ بی پی ایس 17 میں خدمات سر انجام دے رہے تھے، اس لئے خیبرپختونخوا حکومت نے ان کی بہترین خدمات اور شہادت پر پیکیج کا اعلان کیا جس میں مالی امداد اور پلاٹ بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

شوکت یوسف زئی کے مطابق شہید ایس پی کی 60 سالہ ریٹائرمنٹ تک ان کی اہلیہ کو تنخواہ دی جائیگی، ان کے ایک بیٹے کو اے ایس آئی بھرتی کیا جائیگا جبکہ شہید کے بچوں کی تعلیم کیلئے سکالرشپ بھی دی جائیگی ،شہید کی بیوہ اور بچوں کو مفت طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں