ہمارے اسلاف اور رہنماؤں کی بے پناہ قربانیوں سے ہم آزادی کی سانسیں لے رہے ہیں،کامران بنگش معاون خصوصی وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 23 مارچ 2019 18:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940کو برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کیلئے ہمارے سیاسی رہنماؤں نے جس جداگانہ مملکت خداداد کی بنیاد رکھی اس کا مقصد ایک ایسے ریاست کا قیام عمل میں لانا تھا جہاں پر لسانی تفرقات،ذات پات اورنسل و رنگ سے بالاتر ہو کر بحیثیت قوم تمام لوگ آزادی کی زندگی بسر کریں گے، ہمارے اسلاف اور رہنماؤں کی بے پناہ قربانیوں کی بدولت ہم اپنے ملک پاکستان میں آزادی کی سانسیں لے رہے ہیں جس کی قرارداد آج ہی کے دن منظور ہوئی تھی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرون ملک دورے کے موقع پر قطر میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی ان دنوں قطر کے دورے پر ہیں جہاں پر دونوں رہنماؤں نے آج پاکستانی ایمبیسی میں یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

منعقدہ تقریب میں قطر میں تعینات پاکستانی سفیر،سفارتی عملے اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہوتی ہے اور اس کا اندازہ ان معاشروں کو ہوتا ہے جن کو یہ نعمت میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباء و اجداد نے ہمارے لئے یہ ملک آزاد تو کرلیا لیکن اب اس کی حفاظت اور بطور ایک خوشحال اور مستحکم پاکستان کے طور پر بنانا ہمارے کندھوں پر عائد ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنا پاکستان ملک کے اندر رہنے والے پاکستانیوں کا ہے اتنا ہی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ہے لہذا ہم سب کو اپنے ملک کی قدر کرنی چاہیے اور اندرون ملک و بیرون ملک اس کے وقار کو بلند کرنا چاہیے۔تقریب سیاسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے بھی خطاب کیا اور قرارداد پاکستان کے حوالے سے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی جدوجہد پر سیرحاصل روشنی ڈالی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں