پولیو مہم کے حوالے سے خصوصی اجلاس کاانعقاد

جمعرات 25 اپریل 2019 22:58

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن کی خصوصی ہدایت پر پولیو کے خلاف منفی پروپیگنڈا کو زائل کرنے کی خاطر شہر کے نواحی علاقوں میں عمائدین علاقہ اور منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اسی سلسلہ میں گزشتہ روز موضع چمکنی میں ایک خصوصی اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ صحت کے اہلکاروں، ڈاکٹروں، پولیو ورکرز اور معززین علاقہ سمیت ایس ایچ او تھانہ چمکنی اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران شرکا نے پولیو مہم کے خلاف حالیہ پروپیگنڈا کو ناکام بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھانے پر اتفاق کرتے ہوئے ابتدائی طور پر مساجد سے ویکسین کے حق میں اعلانات کرنے جبکہ دوسرے مرحلہ میں شرکا نے پولیو ویکسین کی افادیت سے عوام الناس کو آگاہ کرنے، بچوں کی حفاظت اور پولیو مہم کو کامیاب بنانے کی خاطر گھر گھر جا کر والدین کو مائل کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

شرکا نے واضح کیا کہ پولیو مرض کی وجہ سے بچے عمر بھر کے اپاہج ہو جاتے ہیں جس کے خلاف تمام شہریوں کو اپنا قومی فریضہ ادا کرنا چاہئے۔ اس موقع پر شرکا نے پولیس کی جانب سے پولیو ویکسین کے خلاف منفی پروپیگنڈے کو زائل کرنے اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کو بھر پور سراہا جبکہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے بھر پور کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں