میاں افتخارحسین کو دھمکیاں افسوسناک، حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، زاہد خان

ہفتہ 19 ستمبر 2020 21:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین کو ملنے والی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی دھمکیاں افسوسناک ہے،عوام کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے،میاں افتخارحسین نے ہمیشہ اس قوم، ملک اور اداروں کیلئے قربانیاں دی ہیں۔بحیثیت صوبائی وزیر وہ اس ملک کے تمام اداروں کے ساتھ کھڑے رہے۔

اس ملک و قوم کو بچانے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اکلوتے بیٹے کی قربانی دی۔ اے این پی ترجمان کا کہنا تھا کہ تعجب اور باعث افسوس امر یہ ہے کہ وہ آج حکومت میں نہیں لیکن انہیں پھر بھی دھمکیاں مل رہی ہیں۔آج پاکستان کو میاں افتخارحسین جیسے لوگوں کی ضرورت ہے کیونکہ وہ اس صوبے اور ملک کا روشن اور مثبت چہرہ ہے۔

(جاری ہے)

ملک اس وقت اندرونی و بیرونی مشکلات کا شکار ہے، سیاسی اور جمہوری فرد کو دھمکیاں ملنا ملکی مفاد میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ اس ملک کی جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ۔رہنمائوں سے لے کر کارکن تک سینکڑوں جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔سوات میں پاکستان کا جھنڈا اتارا گیا تھا ، انہی قربانیوں کے بدولت وہاں ریاستی رٹ قائم کی گئی۔ریاست کو اس قسم کی دھمکیوں کے روک تھام کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ زاہد خان کا کہنا تھا کہ اگر صورتحال یہی رہی تو ملک سے سیاسی اور مترقی سوچ رکھنے والے افراد ختم ہوتے جائیں گے۔موجودہ صورتحال میں لگ رہا ہے کہ اس ملک میں کوئی محفوظ نہیں۔ملک پہلے ہی بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی بدحالی کا شکار ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں