پاک افغان بزنس کمیونٹی کے لئے ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے،شیر باز بلور

جمعرات 29 اکتوبر 2020 22:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے پاکستان اور افغانستان باہمی اور ٹرانزٹ ٹریڈ فورم 2020ء کے انعقاد کو دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان باہمی تجارتی روابط کو فروغ دینے سمیت بارڈرز کے دونوں جانب بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لئے سنگ میل قرار دیا ہے اور حکومت پاکستان اور افغانستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دونوںممالک کی بزنس کمیونٹی کے لئے ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کریں اور ا س مقصد کے لئے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مستقبل کے حوالے سے مشاورت بھی کی جائے تاکہ حقیقی بزنس کمیونٹی کے ساتھ مشاورت سے پاک افغان باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ بڑھانے میں سود مند اور مثبت نتائج سامنے آسکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز صنعت کاروں اور تاجروں کے مختلف وفود سے اسلام آباد میں ہونیوالی پاکستان اور افغانستان باہمی اور ٹرانزٹ ٹریڈ فورم 2020ء میں شرکت کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور کی قیادت میں چیمبر کے پندرہ رکنی وفد نے مذکورہ ٹریڈ فورم میں شرکت کی جس میںایف پی سی سی آئی کے سابق صدر غضنفر بلور ،ْ سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر منظور الٰہی ،ْ نائب صدر جنید الطاف ،ْ سابق صدور زاہداللہ شنواری ،ْفواد اسحق ،ْ سابق سینئر نائب صدورضیاء الحق سرحدی ،ْ شاہد حسین ،ْ محمد اسحق ،ْ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین ملک محسن سجاد ،ْ خالد شہزاد ،ْ حسنین خورشید سمیت ملک عمران اسحق ،ْسہیل جاوید اورثنان سیٹھی شامل تھے ۔

مذکورہ فورم میں افغانستان سے 100 کاروباری افراد جبکہ سرحد چیمبر کے ممبران کے علاوہ چمن چیمبر اور کوئٹہ کی بزنس کمیونٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے اسلام آباد اور کابل پر زور دیا ہے کہ وہ دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں اور باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش موجود ہے تاہم دونوں ممالک کی حکومتیں اس حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ باہمی اور ٹرانزٹ ٹریڈ فورم 2020ء کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی راہ میںرکاوٹوں کو دور کرنے اور بارڈرز کے دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو قریب لانے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے پاک افغان باہمی تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے ایسے فورم کا مستقبل میں بھی انعقاد کرنے پر زور دیا ہے ۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ خطے میں ترقی اور پائیدار امن کی ضمانت ہے ۔ اس لئے اسلام آباد اور افغانستان سنجیدگی سے تجارت کی راہ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات کریں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے فروغ سے ملکی معیشت مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ بھی تجارت کو وسعت ملے گی جس سے ملک کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی بزنس کمیونٹی ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے اس سلسلہ کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں