امن کے بغیر ترقی کا تصور بھی ممکن نہیں،،شوکت علی

جانی خیل جیسے آفت زدہ علاقے میں امن قائم ہوتے ہی اس علاقے کی ترقی کے اقدامات بھرپور طریقے سے شروع ہوگئے ہیں،ڈویژنل کمشنر بنوں

منگل 1 دسمبر 2020 23:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) ڈویژنل کمشنر بنوں شوکت علی یوسفزئی نے تاریخ میں پہلی بار جانی خیل منڈی وزیر سب ڈویژن بنوں میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کے بغیر ترقی کا تصور بھی ممکن نہیں اسلئے جانی خیل جیسے آفت زدہ علاقے میں امن قائم ہوتے ہی اس علاقے کی ترقی کے اقدامات بھرپور طریقے سے شروع ہوگئے ہیں۔

جس کا ثبوت آج یہاں پرامن طریقے سے کھلی کچہری کا انعقاد ہے۔انہوں نے کہا کہ جانی خیل میں کافی عرصہ کے بعد حالات معمول پر آتے ہی میں نے دیگر ضلعی افسران کے ہمراہ یہاں کا دورہ کیا۔اور بہت جلد یہاں کے عوام کے تمام جائز مطالبات حل کرکے ہی دم لینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جانی خیل منڈی میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بریگیڈیئر عمر،ڈی آئی جی بنوں اول خان، ڈپٹی کمشنر بنوں کیپٹن(ر)محمد زبیر خان نیازی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔۔عمائدین علاقہ نے ضلعی افسران کاپرتپاک استقبال کرکے بھر پور خوشی کا اظہار کیا۔ کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ یہاں کیعوام نے بہت تکالیف برداشت کرنے کے بعد ہم پرامن ماحول میں بیٹھ کر ترقی کو عملی جامہ پہنانے میں مشغول ہیں۔

انہوں نے امن کے قیام اور اس کی پائیدار طریقے سے برقراری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو بندوق کی جگہ قلم تھمائے جائے۔تاکہ مستقبل میں آپ کے اپنے بچے بھی اعلیٰ عہدوں پر فائز ہو کر ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرسکے۔انہوں نے اس علاقے میں دہشتگردی کی لہر گزرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اتنے عرصے کی محرومی کا ازالہ ہوسکتا ہے بشرطیکہ پائیدار امن کا قیام عمل میں لاکر یہاں کے عمائدین اپنی توجہ اپنے علاقے کی ترقی پر مرکوز رکھیں۔

اس موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے عوام کے مسائل نوٹ کرکے انکے حل کی یقین دہانی کرائی۔ جن میں صاف پانی، ابنوشی،صحت،تعلیم اور تعمیراتی کام شامل تھے۔۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر بنوں نے کہا کہ مجھے اس علاقے میں اکر دلی خوشی محسوس ہوئی اور وقت ضائع کیے بغیر یہاں ترقیاتی منصوبوں کی شروعات ہوگی اور بہت جلد دوبارہ ان جاری کاموں کا جائزہ لینے کیلئے خود آؤنگا۔

بعد ازاں ڈی۔پی۔او وسیم ریاض نے جانی خیل میں پولیس سٹیشن کے قیام کا اعلان بھی کیا۔اور کہا کہ یہاں کے نوجوان نسل کو تباہ کرنے والے منشیات فروش اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ منشیات فروش بہت جلد سلاخوں کے پیچھے ہونگے آخر میں عمائدین اور نوجوانان علاقہ نے ضلعی انتظامیہ کیتمام افسران کا شکریہ ادا کیا۔کہ انکے مسائل کے حل کیلئے وہ خود انکے دہلیز پر آئے اور ترقی کا دور شروع ہوا۔ بعد میں ڈویژنل کمشنر بنوں اور ڈپٹی کمشنر بنوں نے جانی خیل منڈی میں بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں