ایکول فاطمہ الفہری گرلز کالج مردان میں اگلے سال سے کلاسز شروع کرنے کا اعلان

صوبائی وزیر تعلیم کا تدریسی اور غیرتدریسی عملے کو سکیل وائز ماڈل کالجز کے رولز کے مطابق تنخواہیں اور دیگرمراعات دینے کا بھی عندیہ

ہفتہ 18 ستمبر 2021 00:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2021ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے ایکول فاطمہ الفہری گرلز کالج مردان میں اگلے سال سے انٹرمیڈیٹ کے کلاسز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے تدریسی اور غیرتدریسی عملے کو سکیل وائز ماڈل کالجز کے رولز کے مطابق تنخواہیں اور دیگرمراعات دینے کا بھی عندیہ دیا۔

جبکہ کالج کے ٹرانسپورٹ، اور دیگر مسائل کے فوری حل کیلئے ایجوکیشن حکام کو فنڈ جاری کرنیکی ہدایت کی ہے۔ شہرام خان ترکئی نے کالج پرنسپل کو کالج کے اگلے بورڈ آف گورنرز اجلاس میں سیلری اور نان سیلری بجٹ ڈیمانڈ بشمول، کنڈیشنل گرانٹ کیلئے کیس فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر خوراک اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد عاطف خان کے ہمراہ ایکول فاطمہ الفہری گرلز کالج کے دورے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرخوراک اور سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی محمد عاطف خان نے کہاکہ مردان اور ملحقہ اضلاع کے طالبات کیلئے یہ کالج ایک بہترین تحفہ ہے جہاں پر ہاسٹل بشمول دیگر تمام سہولیات فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ کالج کے فنڈنگ، ٹرانسپورٹ اوردیگر تمام مسائل کے فوری حل کیلئے وزیرخزانہ کیساتھ بات کریں گے۔ انہوں نے کالج میں سپورٹس گراؤنڈ سہولت فوراً فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام اور کالج کو کلین اینڈ گرین بنانے کیلئے فارسٹ حکام کو درختوں اور پودوں کے لگانے کیلئے ہدایت جاری کی۔

محمدعاطف خان نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اگلے سال سے ہائر لیول کے داخلے شروع ہورہے ہیں ان کیلئے کمیونکیشن اور پبلسٹی پلان تیار کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو راغب کرکے اس بہترین سہولت سے فائدہ اٹھایاجائے۔ وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کالج پرنسپل کو ہدایت کی کہ تدریسی عملے اورمعاون سٹاف کی بھرتی کا عمل بھی میرٹ پر جلد ازجلد مکمل کریں۔

دونوں وزراء نے کالج کے مختلف سیکشنز، لیبارٹریوں، امتحانی ہالوں، کلاس رومز اوردیگر سہولیاتکا معائنہ کیا اور بہتری کیلئے موقع پر ہدایات جاری کیں۔مردان بورڈ کے چیئرمین امتیازایوب، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرمردان ادریس خان، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ اخلاق خان، چیف پلاننگ آفیسر اورمحکمہ تعلیم کے دیگر سٹاف بھی صوبائی وزراء کے ساتھ تھے۔

دریں اثناء دونوں صوبائی وزراء نے زیرتعمیرگرلز کیڈٹ کالج مردان کے بلڈنگ کامعائنہ بھی کیا۔ دونوں وزراء نے تعمیراتی کاموں کی تکمیل کیلئے فروری 2022 کی آخری تاریخ دی اور فنڈ کے بر وقت ریلیز ہونے کے باوجود ٹائم لائن کے مطابق کام کی تکمیل نہ ہونے پر برہمی کا اظہارکیا۔ صوبائی وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاکہ گرلز کیڈٹ کالج مردان کے پراگرس کا وہ خود جائزہ لیں گے کام بروقت اور اعلی معیار کا ہوناچاہئیے۔

انہوں نے کہاکہ کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور کنسلٹنٹس کو ہدایت کی کہ مانیٹرنگ کاعمل مزید سخت کریں۔ کنٹریکٹرکوہدایت دی کہ سٹاف اور شفٹوں کی تعداد بڑھائی جائے اور ہاسٹل، اکیڈیمک بلاک اور دیگر تعمیرات کو ترجیح دیکر فوراً مکمل کریں۔ صوبائی وزیرخوراک اور سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی محمدعاطف خان نے گرلز کیڈٹ کالج کے حوالے سے کہاکہ یہ پاکستان کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج ہے جہاں پورے پاکستان سے طالبات پڑھنے کیلئے آتی ہیں۔

جن کو درس و تدریس کیساتھ، دیگر ہم نصابی سرگرمیوں بشمول بہترین سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کالج کو مزید فنڈز اوردیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ بریفنگ کے دوران صوبائی وزراء کو بتایاگیاکہ 240 کنال رقبے پر زیرتعمیرگرلز کیڈٹ کالج مردان میں 600 طالبات کو تعلیم دی جائیگی اور اس منصوبے پر کل تخمینہ 2.395 بلین روپے ہیں۔

وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کنسلٹنٹس،کنٹریکٹرز اوکالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی جلد ازجلد تکمیل کیلئے اقدامات کو یقینی بنایاجائے تاکہ طالبات کو کالج کے اپنے بلڈنگ میں شفٹ کیاجائے۔ انہوںنے کہاکہ گرلز کیڈٹ کالج مردان کے طالبات نے بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں اوریہ طالبات کیلئے ایک عظیم درسگاہ ثابت ہوگی

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں