بنوں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ذاتی دلچسپی سے جانی خیل قوم کیلئے دو ارب کے ترقیاتی پیکج کی باقاعدہ منظوری تاریخی ا قدام ہے، شوکت علی یوسفزئی

بدھ 1 دسمبر 2021 23:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2021ء) کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ذاتی دلچسپی سے جانی خیل قوم کیلئے دو ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کی باقاعدہ منظوری تاریخی ا قدام ہے۔یہ منظوری گزشتہ روز ایڈیشنل چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی جس سے اس علاقے کی پسماندگی اور محرومیوں کا ازالہ ہو جائے گا۔

کمشنر بنوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ منظور شدہ پیکج کو مختصر وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ جس کیلئے جانی خیل قوم کا تعاون بھی ضروری امر ہوگا تاکہ علاقے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے وعدے کے مطابق منظور کئے گئے پیکج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ترقیاتی پیکج کے تحت 12 سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے منصوبوں میں جانی خیل منڈی سے پویا روڈ، جانی خیل قلعے سے جانی خیل سپورٹس اسٹیڈیم تک روڈ کی تعمیر، لالہ کلی روڈ کی مروت کنال سے گاؤں لالہ کلی، سپینہ تگہ پل سے قلعہ نالہ پل، علی خیل مدرسہ زندی خیل سے زندی خیل چوک، مالی خیل قبرستان روڈ، سنگاری روڈ، نورنگ خیل تودہ نر روڈ، بچکئی کلی روڈ اور آرام خیل روڈ، ہندی خیل کنال پل سے گاؤں شگئی علی خیل، سپینہ تگہ چینل پر پل کی تعمیراور ہندی خیل مارکیٹ کے اطراف نالے کی تعمیر شامل ہیں۔

جبکہ دیگر ترقیاتی پیکیج میں چار سکولوں کی اپ گریڈیشن، گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج اور گورنمنٹ ڈگری کالج برائے طلبہ کا قیام، ایریگیشن کے تین منصوبوں، سولر ٹیوب ویل اور پریشر پمپ کے 9 منصوبوں، جانی خیل میں وٹرنری اور ٹائپ ڈی ہسپتال،صحت کی سہولیات کی بہتری، جانی خیل کے لیے بجلی کے خصوصی فیڈر کے قیام کے منصوبے بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جانی خیل کی ترقی کے لیے 2 ارب کے شکتو ڈیم پراجیکٹ، 5.2 کروڑ روپے سے ریسکیو 1122 اور تقریباً 10 کروڑ روپے کی بیوٹیفیکیشن کے دیگر منصوبے پہلے ہی منظور کئے جاچکے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سال گزشتہ جولائی میں وزیر اعلی محمود خان نے جانی خیل کے عمائدین کے ایک جرگے سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے جانی خیل کے لئے دو ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکج کے علاؤہ جانی خیل میں شکتو ڈیم کی تعمیر کے لئے دو ارب روپے کا الگ اعلان کیا تھا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں