پشاور، چمکنی پولیس کی کارروائی،ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام، دوخواتین سمیت تین سمگلرز گرفتار

پیر 6 دسمبر 2021 23:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2021ء) تھانہ چمکنی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے تین سمگلرز کو گرفتار کر لیا، ملزمان کا تعلق ضلع نوشہرہ کے تحصیل پبی سے ہے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں، تینوں ملزمان کا تعلق بین الاضلاعی منشیات سمگلر گروہ سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہیروئن سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے گروہ کے دیگر ارکان کی بھی نشاندہی کی ہے جن کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے،تفصیلات کے مطابق تھانہ چمکنی پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ضلع نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے منشیات سمگلرز آلٹو موٹر کار کے ذریعے منشیات سمگل کرنے کی کوشش کریں گے جس پر ایس ایچ او تھانہ چمکنی ہارون جدون نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ جی ٹی روڈ ترناب ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک موٹر کار کو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 10 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے دو خواتین سمیت تین منشیات سمگلرز مسماة (ف) زوجہ اسلم، مسماة (ص) زوجہ فہیم اور ملزم اسماعیل ولد شریف کو گرفتار کر لیا، تینوں ملزمان ضلع نوشہرہ کے تحصیل پبی کے رہائشی ہیں جن کا تعلق منظم منشیات سمگلر گروہ سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے پورے نیٹ ورک کی نشاندہی کرا دی ہے جن کی گرفتاری جلد متوقع ہی.اسی طرح ایک اور کامیا ب کارروائی کے دوران ایس ایچ او تھانہ شاہ پور شکیل خان نے شہر کے نواحی علاقوں میں مخصوص گاہک کو منشیات فراہم کرنے اور دیگر جرائم میں ملوث تین ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا ہے جن میں شہزاد حسین ، خرم شہزاد اور اعزاز شامل ہیں جن کے قبضہ سے ڈھائی کلو گرام چرس، دھندہ رقم ہزاروں روپے نقد اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، تمام ملزمان کے خلا ف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں