قومی وطن پارٹی کی حکومت پر ایک بار پھر شدید تنقید

کشکول توڑنے کے دعوے کرنے والوں نے ملک کو عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا:سکندر حیات خان شیر پائو

بدھ 8 دسمبر 2021 22:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کشکول توڑنے کے دعوے کرنے والوں نے ملک کو عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اختر آباد تحصیل تنگی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ کچکول اٹھانے کی بجائے خودکشی کو ترجیح دینے کے دعوے کرنے والی پی ٹی آئی کی قیادت نے ملک و قوم کو قرضوں کے انبار تلے ڈبو دیا۔

انھوں نے کہا کہ بے تحاشا قرضہ لینے کے باوجود بھی حکومت ملکی معیشت کو بہتر نہ کر سکی جو موجودہ حکمرانوں کی نااہلی ہے۔انھوں نے کہا کہ لوگ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے حکمرانوں سے اکتا چکے ہیں کیونکہ گزشتہ 39مہینوں میں ان کی مشکلات میں بے تحاشہ اضا فہ ہو گیاہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا جبکہ دس ملین نوکریاں تودور کی بات حکومت نے لاتعداد لوگوں کو بے روزگار کردیاہے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں پورے ایشیامیں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے جو حکومت کی ناقص کارکردگی اور غلط حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی معاشی پالیسیوں کو آئی ایم ایف اور دیگربین الاقوامی مالیاتی اداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جن کو یہاں کے عوام کی پریشانیوں اور غربت کا کوئی احساس نہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور خدشہ ہے کہ ملک میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے لوگوں کی تعداد میں خطرناک حد تک مزیداضافہ ہو جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری پی ٹی آئی کے نااہل حکمرانوں پر عائد ہو گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں