تعلیم ، انجینئرنگ اور مختلف جدید علوم حاصل کرنا دور حاضر کا تقاضا ہے،کامران بنگش

ملکی ترقی ایک تعلیم یافتہ انسان کی ذہانت اور سوچ پر مبنی ہوتی ہے ،ایک فرد جنتا پڑھا لکھا ہو گا اتنا ہی وہ ملک کی ترقی کے لئے بہتر انداز میںکام کر سکے گا،معاون خصوصی

ہفتہ 22 جنوری 2022 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2022ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ اس پرآشوب اور تیز ترین دور میں تعلیم کی ضرورت بہت اہمیت کی حامل ہے ،آج کا دور کمپیوٹر، سائنس اور صنعتی ترقی کا دور ہے تعلیم ، ٹیکینکل ، انجینئرنگ ، وکالت ، ڈاکٹری اور مختلف جدید علوم حاصل کرنا دور حاضر کا تقاضا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شعبہ میکاٹرانکس پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کی ۔اس ورکشاپ کا انعقاد وزارت سائنس،ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرحکومت خیبرپختونخوا کے تعاو ن سے کیاگیا جس میں ملک بھر سے سکول، کالجز، مدارس اور یونیورسٹیوں کی تین سو سے زائد ٹیمیں روبوٹیکس مقابوں میں حصہ لیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ورکشاپ، ای گیمینگ اور پراجیکٹ نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ۔تقریب میںوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین اور پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر خان، چیئرمین، شعبہ میکاٹرانکس انجینئرنگ بھی موجود تھے۔ کامران بنگش نے کہا کہ موجود دور ترقی کا دور ہے اور اس میںبڑی ضرورت فنی مہارت، صنعتی اور پیشہ ورانہ تعلیم کی ہے، ملکی ترقی ایک تعلیم یافتہ انسان کی ذہانت اور سوچ پر مبنی ہوتی ہے ،ایک فرد جنتا پڑھا لکھا ہو گا اتنا ہی وہ ملک کی ترقی کے لئے بہتر انداز میںکام کر سکے گا، تعلیم وہ حقیقت اور قوت ہے جو قوموں کی تقدید بدلنے اور اور ان کے مستقبل کو سنوارنے کی طاقت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج انسان زمین کی گہرائیوں سے تیل ، گیس ، کوئلہ ا ور قیمتی معدنیات نکالتا ہے ، اگر تعلیم ، تحقیق و جستجو کا مادہ انسان میں پروان نہ چڑھتا تو آج قدرت کے خزانے انسانی دسترس سے باہر ہوتے ، سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور پیداواری وسائل کی دستیابی و فروانی نے مختلف پیشوں کی نوعیت اور معیار کو بدل دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روبوٹکس ٹیکنالوجی کی اہمیت پوری دنیا میں مسلمہ ہے خیبر پختونخوا میں روبوٹکس ٹیکنالوجی پر کام جاری ہے جس کے مثبت اثرات جلد ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے ، طالبعلموں کی اس میں دلچسپی ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا موجودہ حکومت جد ید تعلیم کے حصول کے لئے کافی پرعزم ہے اس بات کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ آج ہمارے سرکاری سکولوں کے بچے پرائیویٹ سکولوں کے مقابلے میں زیادہ انعامات اور اعزازات لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا ڈگری کی بجائے سکل کی طرف بڑ ھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس کے انعقاد سے بچوں میں تعلیمی شعور اور آگے بڑھنے کا رجحان بڑھتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چپ ٹیکنالوجی، فائیوجی ٹیکنالوجی اورریورس انجینئرنگ پر توجہ دینے سے یقیناملک ترقیافتہ ممالک کی صف میں شامل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ علم حاصل کرو خواہ اس کے لئے تمہیں چین جانا پڑے‘‘صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جدید تعلیم کی فراہمی کو وفاقی حکومت کافی اہمیت دے رہی ہے ۔

کامران بنگش نے کہا کہ میں میڈیا کے دوستوں کا مشکور ہوں جو ایسی تقریبات کو بھر پور کوریج دے کر اجاگر کرتے ہیں ۔آخر میںپروفیسر ڈاکٹر طاہر خان، چیئرمین شعبہ میکاٹرانکس انجینئرنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس میگا ایونٹ کے انعقاد کا مقصدیوتھ میں جدید ٹیکنالوجیز کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ ہم نوجوانوں کے ذریعے اپنے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کے صف میں شامل کرسکیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں