منحرف ارکان بارے فیصلہ خوش آئند ہے ‘ محمد فائق شاہ

اس وقت مسائل کا حل اصلاحات اور انتخابات ہیں، دیر ہوئی تو ریاست کو خطرہ ہوگا، چیئرمین امن ترقی پارٹی

بدھ 18 مئی 2022 23:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2022ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا منحرف ارکان اسمبلی کے بارے میں فیصلہ خوش آئند ہے مگر آزاد امیدواروں کی بلیک میلنگ اور دوسرے بلیک میل کرنے والوں پر بھی سخت فیصلہ دیا جائے، ایسے لوگ جمہوریت اور عوام دونوں کیلئے زہر قاتل ہیں، یہ عوامی حق نمائندگی کے قابل نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو بھی ایسے لوگوں سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہیے تاکہ جمہوریت حقیقی انداز میں آگے بڑھے، محمد فائق شاہ نے کہا کہ اس وقت معیشت اور ریاست کو خطرات لاحق ہیں، اصلاحات کے ذریعے فورآ انتخابات کروائے جائیں دیر ہوئی تو سلامتی کے کئی نقصانات ہو ں گے، دریں اثناء لاہور میں عوامی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محمد فائق شاہ نے کہا کہ امن ترقی پارٹی قانون، انصاف اور عوامی اختیار کیلئے کھڑی ہے اہل افراد آگے آئیں حقیقی جمہوریت اور ترقی لا کر دکھائیں گے، امن ترقی پارٹی نے کرپشن کے خاتمے، رسہ کشی کی دوڑ سے ملک کو نکالنے اور معاشی اور معاشرتی انصاف کے لئے مکمل لائحہ عمل بنایا ہے جہاں ہر طبقے کو نمائندگی ملے گی اور منشور، مقاصد اور نظریہ ہی آگے بڑھے گا، شخصیات کی پیروی نہیں ہوگی، اب وقت ہے کہ شخصی اور موروثی سیاست سے نکل کر اجتماعی عوامی قیادت اور منشور کو مقدم رکھا جائے، کنونشن سے میاں آصف محمود ایڈووکیٹ صدر امن ترقی پارٹی پنجاب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں