میئر پشاور نے اسلامیہ کالج ملازمین کی کالونی میں ٹرانسفارمر تنصیب کا اعلان کردیا

کلاس فور ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کریں گے ، زبیر علی

بدھ 18 مئی 2022 23:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2022ء) میئر پشاور زبیر علی نے کہا ہے کہ اسلامیہ کالج پشاور کے ملازمین کی کالونی میں ٹرانسفارمر کی تنصیب سمیت ترقیاتی کاموں کا جلد آغاز کیا جائے گا جبکہ کلاس فور ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلامیہ کالج پشاور کے کلاس فور ملازمین کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر تحصیل متھرا کے چیئرمین فرید اللہ کافورڈھیری ‘ تحصیل پشتہ خرہ کے چیئرمین ہارون صفت اور تحصیل شاہ عالم کے چیئرمین کلیم اللہ ‘ اسلامیہ کالج پشاور کلاس فور ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر ذین اللہ جنرل سیکرٹری سہیل خان ‘ پروفیسر اظہار ‘ ڈاکٹر مراد ‘ سید کمال ‘ فضل واحد اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کلاس فور ملازمین نے برج ہری سنگھ میں رہائش پذیر ملازمین کو بجلی کی فراہمی کیلئے 100 کے وی کے ٹرانسفارمر کی تنصیب ‘ اسلامیہ کالج پشاور کے رہائشی ایریاز میں گلی کوچوں کو پختہ کیا جائے ‘ پانی کی کمی کو دور کرنے کے لئے بورنگ ویل کا انتظام ‘ اسلامیہ کالج کے باہر بی آر ٹی بس سٹاپ کی تعداد میں اضافہ کرنے اور حج کوٹہ بحال کرنے کے مطالبات پیش کئے جس پر میئر پشاور حاجی زبیر علی نے فوری طور پر برج ہری سنگھ میں ٹرانسفارمر کی تنصیب اور پانی کے مسائل ختم کرنے کے لئے موقع پر ڈبلیو ایس ایس پی حکام کو احکامات جاری کردیئے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلامیہ کالج پشاور ملازمین ‘ طلبہ اور عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے بی آر ٹی سٹاپ میں اضافے اور حج کوٹہ کی بحالی کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ ملکر کام کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کلاس فور ملازمین کا اداروں کی ترقی میں اہم کردار ہے جن کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں