پشاور،منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے حوالے سے کنٹرول روم قائم

بدھ 25 مئی 2022 15:35

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2022ء) پشاورمیں منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے حوالے سے کنٹرول روم قائم کردیا گیا، جس کا افتتاح کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر احتشام الحق سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر پشاور ڈویژن نے کہا کہ کنٹرول روم میں ضلعی انتظامیہ سمیت محکمہ سماجی بہبود، پولیس، اینٹی نارکارٹکس فورس، ایکسائز، سپیشل برانچ، انٹیلی جنس بیورو، دوست ویلفیئر فانڈیشن، کیئر ویلفیئر، الخدمت ویلفیئر اور دیگر محکموں کے نمائندے موجود ہوں گے۔

پشاور میں روزانہ کی بنیاد پرمختلف علاقوں سے منشیات کے عادی افراد کو محکمہ سماجی بہبود سمیت دوست، کیئر اور الخدمت فانڈیشن کے فلاحی مراکز منتقل کیا جائے گا جہاں ان کا باقاعدہ علاج کیا جائے گا تاکہ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

کمشنر پشاور نے کہا کہ پشاور میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی تک یہ مہم جاری رہے گی، اس سلسلے میں عوام کنٹرول روم کے نمبر1052پر کال کر کے منشیات کے عادی افراد بارے اطلاع کر سکتے ہیں،منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے حوالے سے تمام کارروائیوں کو کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا نیز متعلقہ ادارے منشیات فروشوں کے خلاف بھی ٹھوس اقدامات کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے منشیات کے عادی افرادکو علاج کے بعد ان کے اضلاع منتقل کیا جائے گا اور کنٹرول روم ک قیام ان خاندانوں کے لیے خوش آئند اقدام ہے جن کے بچے نشے کے عادی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم نے مل کر معاشرے کو منشیات کے عادی افراد سے پاک کرنا ہے اور یہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہو سکے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں