وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے یونیسف کےوفد کی ملاقات

جمعرات 28 مارچ 2024 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے جمعرات کے روز عبداللہ فادل کی قیادت میں یونیسف کےوفد نے وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی جس میں صوبے میں یونیسف کے تعاون سے عوامی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں مستقبل میں صوبائی حکومت اور یونیسف کے درمیان اشتراک کار کے دائرے کو مزید وسعت دینے سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نےکہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لئے یونیسف کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، حکومت  چند اہم شعبوں میں یونیسف کے مزید تعاون کی خواہاں ہے سکولوں کی اپگریڈیشن، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، سکولوں، مدارس اور ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن میں یونیسف کا تعاون درکار ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے مستحق گھرانوں کو بھی شمسی توانائی فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ا سکے علاوہ ضم اضلاع کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کو یونیسف کے خصوصی تعاون کی ضرورت ہے۔گذشتہ  کئی دہائیوں سے خطے میں جاری صورتحال سے خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،دہشت گردی سے متاثرہ اس صوبے کو معاشی طور اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے۔ یونیسف کے نمائندے عبداللہ فادل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے پروگراموں کے لئے خیبر پختونخوا یونیسف کا ترجیحی صوبہ ہے جبکہ  یونیسف خیبر پختونخوا میں تعلیم، صحت، پینے کے پانی سمیت دیگر سماجی شعبوں میں کام کررہاہے۔

صوبائی وزراءظاہر شاہ طورو، ارشد ایوب خان کے علاوہ رکن صوبائی اسمبلی امیر فرزند، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید امتیاز حسین شاہ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور سیکرٹری توانائی نثار احمد بھی ملاقات میں موجود تھے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں