مشیر سیاحت کا تبدیل شدہ افسران کے پاس موجود سرکاری گاڑیاں اور دیگر سازوسامان واپس نہ کرنے پر اظہار برہمی

جمعہ 29 مارچ 2024 17:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے انکی سخت ہدایات کے باوجود تبدیل ہونے والے سیکرٹریوں اور دیگر حکام کی جانب سے محکمہ سیاحت، ثقافت اور آثارقدیمہ کی زیرملکیت گاڑیاں اور دیگر سازوسامان واپس نہ کرنے پر انتہائی برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جمعہ کو مجاز حکام کو طلب کرکے اس بارے میں استفسار کیا تو یہ جان کر اظہار افسوس کیا کہ محکمہ کی جانب سے گاڑیوں، لیپ ٹاپ اور دیگر آلات کی واپسی سے متعلق تحریری ہدایت نامہ پر عملدرآمد کی بجائے متعلقہ حکام نے خاموشی اختیار کر لی ہے۔

اس پر زاہد چن زیب نے گاڑیوں اور سامان کی واپسی کیلئے یکم اپریل کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مثبت جواب نہ آنے کی صورت میں محکمہ سیاحت و ثقافت کی گاڑیاں، لیپ ٹاپ اور دوسرا سامان اپنے ہمراہ گھروں یا دوسرے دفاتر لیجانے والے تمام افسران کے نام پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر مشتہر کئے جائیں نیز انکے خلاف تادیبی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

مشیر سیاحت نے واضح کیا کہ کسی بھی ادارے یا محکمہ کے استحکام کیلئے ضروری ہے کہ اس میں کمال درجے کا نظم و ضبط اور شفافیت ہو مگر جب اس کے ادھر ادھر بکھرے ہوں تو وہ پبلک سروس ڈیلیوری کا فریضہ سر انجام دینے کے قابل نہیں رہتا۔ واضح رہے کہ مشیر سیاحت نے اپنا قلمدان سنبھالتے ہی سابق سیکرٹریوں، اتھارٹیز سربراہان اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو بعد از تبادلہ حاصل کردہ تمام مراعات واپس کرنے کی ہدایت کی تھی اور واضح کیا تھا کہ محکمہ سیاحت و ثقافت سے ماضی میں وابستہ حکام کے پاس موجود محکمہ کی گاڑیاں، عملہ اور دیگر سازو سامان فوری طور پر واپس منگوایا جائے کیونکہ محکمہ کے وسائل استعمال کرنے پر صرف ان اہلکاروں کا حق ہے جو یہاں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں