صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کی انٹرنیشنل پبلک ہیلتھ کانفرنس میں شرکت

جمعرات 18 اپریل 2024 22:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے چوتھی انٹرنیشنل پبلک ہیلتھ کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں جاری چار روزہ انٹرنیشنل کانفرنس میں سابق وفاقی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر ظفر مرزا سمیت یونیورسٹی آف سنٹرل لینکاشائر، آغا خان یونیورسٹی، قطر یونیورسٹی، ڈاو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، بقائی یونیورسٹی، شفا تعمیر ملت یونیورسٹی، ورلڈ بینک، عالمی ادارہ صحت و دیگر متعلقہ اداروں کے ماہرین و سپیکرز نے انفیکشیئس ڈیزیز، غیر متعدی بیماریوں، موسمیاتی تغیر کے تحت صحت کو لاحق خطرات اور صحت کارڈ کے استحکام بارے لیکچرز دیئے۔

وزیر صحت نے پبلک ہیلتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے 30فیصد افراد ذیابیطس میں مبتلا ہیں اور اٹھارہ سال کے جوانوں میں بلند فشار خون جیسی علامات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں صرف تقریریں نہیں بلکہ عملی کام بھی کرنا ہے۔ اس مد میں ہم ’’لیو ویل ‘‘ کے نام سے اقدام اُٹھانے جارہے ہیں، ہم بیماریوں کے علاج پر اربوں روپے تو لگارہے ہیں لیکن ان بیماریوں کے سدباب پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔

لو ویل کے تحت تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کو صحت مند زندگی گزارنے کی تاکید دینے جارہے ہیں۔ طلبا و طالبات اس اقدام کو عملی جامہ پہنانے میں ہمارا ساتھ دیں۔ کانفرنس کے سپیکرز نے لیکچرز میں بتایا کہ خیبرپختونخوا میں پچاس فیصد اموات غیر متعدی بیماریوں سے ہوتی ہیں جن کا سدباب بالکل ممکن ہے۔ کانفرنس میں بتایا گیا کہ ہمارے معاشرے میں اوسط زندگی 67 سال تک محدود ہوکر رہ گئی ہے جو کہ برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ممالک میں 87 سال ہے۔ مقررین نے بتایا کہ زندگی کے طور طریقے بدلنے اور صحت افزا عادات اپنانے سے ہماری زندگی مزید بڑھ سکتی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں