پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی بات کی ہے ،بلاول بھٹو زرداری

سندھ میں ہماری حکومت نے مزدوروں کے حق میں جو قوانین پاس کئے ہیں،چیئرمین پیپلزپارٹی کا عالمی یوم مزدور پر پیغام

بدھ 1 مئی 2024 22:32

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی بات کی ہے ،بلاول بھٹو زرداری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی بات کی ہے ،سندھ میں ہماری حکومت نے مزدوروں کے حق میں جو قوانین پاس کئے ہیں۔ کوئی دوسرا صوبہ ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتا۔2008 سے لیکر 2013تک قومی اسمبلی نے جتنے قوانین مزدوروں کے حق میں منظور کئے وہ بھی پیپلز پارٹی کی مزدور دوستی کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو آرٹس کونسل کراچی میں یوم مئی کی مناسبت سے پیپلز لیبر بیورو کی جانب سے شکاگو کے مزدوروں کی یاد میں منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سیمینار سے سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی،، تاج حیدر، شاھد تھیم ، وقار مہدی اور دگر مقررین بھی شریک ہوئے اور ان میں سے کئی نے خطاب بھی کیا۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج میں مزدور بہنوں بھائیوں کے ساتھ یوم مئی منا رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کی محنت سے دنیا بھر کی معیشت چلتی ہے۔ اشرافیہ جو پیسہ کماتی ہے تو وہ مزدور کی خون پسینے کی محنت کا نتیجہ ہوتی ہے اورہمارے ادارے بھی مزدوروں کی محنت سے چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کا فلسفہ بہت سادہ ہے کہ مزداروں کو ان کی محنت کا صلہ ملنا چاہیے۔

قائد عوام شہید بھٹو نے ہمیں وہ آئین دیا جس میں مزدوروں اور ان کی محنت کا ذکر موجود ہے ۔ پیپلز پارٹی کی وجہ سے مزدوروں کو یونین سازی کا بھی حق ملا۔ ضیاکی آمریت میں گرفتار لیبریونین کے نمائندوں کو جو سیاسی قیدی تھے محترمہ نے رہا کروایا۔ پیپلز پارٹی کے ہر دور حکومت میںمزدوروں کے حقوق میں اضافہ ہوا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات اور مہنگائی سے ہر کوئی خاص طور پر محنت کش طبقہ بہت پریشان ہے ،انہیں حکومت سندھ اور بلوچستان سے بہت زیادہ امید ہے کہ وہ تنخواہوں میں اضافہ کریں گی۔

ایسی ہی توقع وفاقی حکومت سے بھی ہے کہ وہ بھی تنخواہوں کے اضافہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرخزانہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کوپسند کرتے ہیںہم ان کومنائیں گے کہ وہ پی آئی کی نجکاری نہ کریں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت بحال کریں۔بلاول نے کہا کہ اسٹیل ملزکی زمین سندھ حکومت کی ملکیت ہے ۔حکومت اگراسٹیل مل بحال نہیں کرسکتی توسندھ حکومت کے حوالے کرے ہم پی پی موڈ پراس کوچلائیں گے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں رضا ربانی نے کہا کہ موجودہ وزیر خزانہ کو واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں نجکاری نہیں چاہیے۔ پی آئی اے پرائیویٹائز نہیں ہوگا کیونکہ یہ عمل غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کابینہ جو نابینہ ہے اس کے ہاتھوں پالیسی کی منظوری نہیں ہوسکتی۔ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کے عمل سے پی آئی اے کے ریٹائرڈ لوگوں کا کیا حشر ہوگا کسی کو اس بات کا اندازہ ہی ۔

انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ یہ نجکاری ہم قبول کرنے کے لیے کسی طور پر بھی تیار نہیں ہیں۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ آمر کی حکومت کو ختم کرنے کے لیے طلبائتنظیموں اور ٹریڈ یونینز کا کردار بہت اہم تھا۔ سندھ حکومت نے طلبہ تنظیموں کی بحالی کابل تو پاس کیا لیکن طلباتنظیمیں بحال نہ ہوسکیں۔ آج بھی طلباتنظیموں پر پابندی اسی طرح عائد ہے جس طرح پہلے تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریاست نے طلبائتنظیموں پر پابندی عائد کر کہ سیاسی نرسری ختم کردی۔ انہوں نے کہا کہ چئرمین صاحب کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئی کہنا چاہتا ہوں کہ پارٹی کو ٹریڈ یونین اور طلباتنظیموں پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔اس موقع پر سندھ کے وزیر محنت شاہد تھیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ محنت کشوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔

پیپلز پارٹی کی قیادت نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے بہت کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وہ قوانین بنائے جو ساتھ ایشیا میں موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے مسائل بہت زیادہ ہیں ہم مزدوروں کے تمام مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ مزدوروں کو ان کے حقوق فراہم کریں۔وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ شکاگو میں مزدوروں کے اوپر فائرنگ ہوئی تھی لیکن آج شکاگو سے بھی زیادہ مزدور کے حالات خراب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مزدوروں اور ٹریڈ یونینز کا پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتوں نے گلا گھونٹا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی بات کی ہے اور یہ جماعت ہے ہی مزدوروں اور کسانوں کی۔انہوں نے نشاندہی کی کہ 2024میں مزدور کے حالات 1866 سے زیادہ خراب ہیں۔ سعید غنی نے خبردار کیا کہ پیپلز پارٹی کے ہوتے اداروں کی نجکاری نہیں ہوگی۔

ہم نے پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے فیصلے کو مسترد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے اداروں کی نجکاری ہوئی وہ 90 فیصد ادارے بند ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دارے تباہ ہو رہے ہیں تو اس کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو پھانسی پر لٹکایا جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ آج اس مشکل حالات میں سندھ واحد صوبہ ہے جو مزدوروں کے حق میں قانون سازی کر رہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں