مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا محال کردیا ہے ،ر سید شراف آغا

منگل 21 مارچ 2023 23:09

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2023ء) مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا محال کردیا ہے ، رمضان کے مہینے میں حکومت عوام کو خصوصی ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرے اور تاجروں ، دکانداروں سے درخواست ہے کہ وہ خود ساختہ قیمتوں میں اضافے سے گریز کرتے ہوئے غریب عوام کا خیال رکھیں،ضلعی انتظامیہ ، پرائس کنٹرول کمیٹیاں دکانداروں کو نرخ کے مطابق اشیاء کی خرید وفروخت کا پابند بناکر سمجھوتہ کرنے اور رشوت خوری کے عمل سے دور رہے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کریں۔

قومی واک واختیار اور قومی برابری تک جدوجہد جاری رہے گی ، امن وامان کے قیام اور قانون کو لاگو کرنے میں حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے ، نااہل صوبائی حکومت سٹیبلشمنٹ کی آلہ کار بن چکی ہے ، سلیکٹڈ نمائندے اپنا وقار کھو چکے ہیں، پشتونخوامیپ کے اتحادیوں کے ساتھ مشترکہ حکومت میں پشتون ، بلوچ صوبے میں جو ترقیاتی کام ہوئے وہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر سید شراف آغا، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سردار امجد خان ترین ، نصیر ننگیال ، ضلعی معاونین حاجی اکبر، امین اللہ بشر ، عصمت باچا ،ہاشم خان ترین ، شاہ ولی خان ، موسیٰ ترین ،سید فضل محمد آغا ، گل زمان بادیزئی ، حاجی نقیب اللہ خان کاکڑ، محمد عثمان نے حرمزئی اول اور حرمزئی دوئم کے علاقائی کانفرنسز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

مقررین نے کہا کہ پارٹی کے بانی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے انگریزی استعمار کی غلامی کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرکے قید وبند کی صعوبتیں اور تکالیف جھیلیں اور بلاآخر جام شہادت نوش کی ۔ ان کے سیاسی فلسفے اور سیاسی مشن کو آگے لیجانے کیلئے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب چیئرمین محمود خان اچکزئی نے اُس وقت پارٹی کی قیادت سنبھالی ۔

اس ملک کے تمام مارشلائوں کیخلاف برسرپیکار رہے اور پرافتخار جدوجہد کی ۔ اس دوران پارٹی پر حملے ہوئے اور پارٹی کے رہنمائوں وکارکنوں نے اس جدوجہد کی راہ میں اپنے سروں کا نذرانہ پیش کیا ۔ ملک پر بلاشرکت غیرے مسلسل حکمرانی کرنیوالوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ۔ مقررین نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب کے مقدس مہینوں اور دنوں میں عوام کیلئے ریلیف اور خصوصی رعایت دی جاتی ہے جبکہ اس کے برعکس اس مملکت میں رمضان کے مقدس مہینے میں اشیائے خوردونوش وضروریات عوام کی دسترس سے باہر ہوجاتی ہیں ، بالخصوص اس ہنگامی اور معاشی بحران کی حالت میں حکومت اشیاء خوردونوش پر کنٹرول میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، عوام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر حکومت کی جانب سے سستے بازاروں اور یوٹیلٹی سٹورز کی فعالیت اور اس میں اشیاء پر سبسڈی دیتے ہوئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنائی جائے ۔

مقررین نے کہا کہ حالیہ مردم وخانہ شماری کو صحیح طریقے سے مکمل کرنے اور اپنے خاندانوں کے نفوس کی صحیح اندراج کرانا تمام عوام کیلئے نہایت ہی ضروری ہے کیونکہ اگر یہی معاشی حالت رہی تو آبادی کی تناسب سے تمام اشیاء کی رسائی ہوگی ۔ مقررین نے کہا کہ پارٹی صفوں کو مضبوط ومنظم ومستحکم بنانے کیلئے کارکنوں کو نچلی سطح پر ایک دوسرے کا باہمی احترام اور پارٹی اداروں کا احترام لازمی کرنا ہوگا۔ پارٹی کیلئے اپنے خواہشات اور مرضی کو پس پشت ڈالنا ہوگا ۔ تمام کارکنان پارٹی پیغام گھر گھر تک پہنچانے میں اپنی خدائیداد صلاحیتیں بروئے کار لاکر جدوجہد کو مزید تیز کرے ۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں