وزیراعظم پاکستان عمران خان بلوچستان کی ترقی کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں،نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کی بلوچستان سے ابتداء وزیراعظم کی اسی سنجیدگی کا مظہر اور صوبے سے پسماندگی کے خاتمے کے لئے ان کا ویژن ہے

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا تقریب سے خطاب

اتوار 21 اپریل 2019 16:45

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان بلوچستان کی ترقی کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیںاور بلوچستان کے لوگ پرامید ہیں کہ یہاں کے باسیوں کو صدیوں سے درپیش مسائل کا حل تلاش کر لیا جائے گا، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کی بلوچستان سے ابتداء وزیراعظم کی اس سنجیدگی کا مظہر ہے جو بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے ان کا ویژن ہے، ماضی میں بلوچستان کے مسائل کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا گیا اور ایسے رویے روا رکھے گئے جس سے ظاہری اور حقیقی معاملات الگ الگ رہے اور عوام مسائل میں دھنسے رہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے ر وز نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کی سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اس ملک اور نظام کے اندر جو خامیاں پائی جارہی ہیں اس کی بہتری کے لئے وزیراعظم عمران خان کا ویژن روشن مستقبل کی ضمانت ہے، ہر حکومت کے لئے مشکلات ضرور آتی ہیں موجودہ حکومت کو بھی مشکلات کا سامنا ہے تاہم قوی امید ہے کہ درپیش مشکلات پر بتدریج قابو پاتے ہوئے ملکی ترقی کے لئے صحیح سمت کا تعین کر دیا جائے گا اور ابتدائی مشکلات کے بعد اصلاحتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانا شروع ہو جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان سمیت پاکستان کے لوگوں کی اکثریت چھت سے محروم ہے،نیاپاکستان ہاؤسنگ سکیم ملازمین سمیت ایسے تمام غریب افراد کے لئے ایک اچھی نوید ہے جو گھر بنانے کی استعداد نہیں رکھتے، ملک میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا پروگرام ایک مثبت اقدام ہے جس کی ابتداء کوئٹہ سے کرکے ایک مثبت پیغام دیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ آج کا نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے بہرہ مند ہوتے ہوئے نہایت باخبر ہے اور ہمیں اپنے جوانوں سے یہی توقع ہے کہ وطن عزیز کی تعمیر وترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہاؤسنگ و ورکس طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ غریبوں کو گھروں کی فراہمی کا یہ منصوبہ وزیراعظم کا ایک تاریخ ساز اقدام ہے جس میں غریب افراد کو نہایت آسان اقساط میں گھر فراہم کیے جائیں ، پاکستان میں لوگوں کو رہائشی ضروریات کے لئے ایک کروڑ بیس لاکھ گھروں کی ضرورت ہے۔ اس پروگرام کے تحت تعمیراتی ٹیکس چالیس فیصد سے نصف کرکے بیس فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان رہائشی مسائل کے حل کے لئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کا بل بھی پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔تقریب میں وفاقی سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس عمران زیب نے بھی خطاب کیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں