دہشت گردی کی کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے، وزیراعلیٰ جام کمال خان

جمعہ 24 مئی 2019 23:18

دہشت گردی کی کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے، وزیراعلیٰ جام کمال خان
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پشتون آباد کی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، وزیراعلیٰ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے شہر میں حساس مقامات پر سیکیورٹی اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اس مبارک ماہ کے مبارک دن بے گناہوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کا کوئی قوم قبیلہ اور مذہب نہیں اور وہ سخت ترین سزا کے مستحق ہیں،وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی ایسی کاروائیوں کے ذریعہ قوم کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے، ملک کے خلاف کی جانے والی گھناونی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا، وزیراعلیٰ نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت کرے اورلواحقین کو صبرجمیل عطا کرے، وزیراعلیٰ نے بم دھماکے کے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی بھی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں