پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی سب کمیٹی برائے رابطہ مہم کا اجلاس

25اکتوبر کے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی جائے گی پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جمہوری جماعتیں پی ڈی ایم کے مختلف سب کمیٹیوں کے اجلاس میں بروقت اپنی حاضری کو یقینی بنائیں،اجلاس میں زور

پیر 19 اکتوبر 2020 23:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی سب کمیٹی برائے رابطہ مہم کا اجلاس پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر نائب صدر نسیم الرحمن ملاخیل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی، جمعیت علمائے اسلام،ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری بشیر احمد کاکڑ،پیپلز پارٹی کے فنانس سیکرٹری حاجی محمد انور مینگل ، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی آفس سیکرٹری سمیع آغا، نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالستار بلوچ ، قومی وطن پارٹی کے شیر محمد درانی او رروح اللہ داوی نے شرکت کی۔

اجلاس میں پی ڈی ایم کے سب کمیٹی برائے رابطہ مہم کی تشکیل دی گئی جو صوبے اور ضلع کوئٹہ کے وکلاء بار کونسلز، انجمن تاجران ،مختلف ایسوسی ایشنز، یونینز ، کونسلز، سوشل تنظیموں کو پی ڈی ایم کے زیر اہتمام کوئٹہ میں منعقد ہونیوالے 25اکتوبر کے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دینگے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میںاس بات پر زور دیا گیا کہ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جمہوری جماعتیں پی ڈی ایم کے مختلف سب کمیٹیوں کے اجلاس میں بروقت اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔

اس موقع پر صدر اجلاس نسیم الرحمن ملاخیل نے کہا کہ پی ڈی ایم گوجرانوالہ اور کراچی کے عظیم الشان جلسوں کی کامیابی کا سہرا پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سیاسی کارکنوں کی محنت کو جاتا ہے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دن رات اس کیلئے محنت کی اور عوام کی شرکت کو یقینی بنایا ۔ اب 25اکتوبر کو کوئٹہ میں منعقدہونیوالے جلسہ عام کی کامیابی ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس کیلئے بھرپور تیاری کرے اور یہ جلسہ صوبے اور ملک کی تاریخ کا سب سے عظیم الشان جلسہ ثابت ہو۔

انہو ںنے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں عوام کی بھرپور شرکت سلیکٹڈ حکومتوں سے بیزرای کا ثبوت ہے اور عوام ان سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا چاہتی ہے جن کی نااہلی اور ناکامی نے ملک کے عوام کو شدید اذیت سے دوچار کر رکھاہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جلسہ گاہ میں اپنی شرکت کو بھرپور یقینی بنائیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں