ہرنوے دن بعد وزراء کی شیروانیاں تبدیل ہونا ہی تبدیلی ہے،رہنما جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ

جمعہ 16 اپریل 2021 23:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2021ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق ‘سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد ‘جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ ‘مولانا محمد ایوب ‘حافظ مسعود احمد‘ سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد ‘سیکرٹری مالیات میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ‘ سالار حافظ مجیب الرحمن ملاخیل اور دیگر نے کہا ہے کہ ہرنوے دن بعد وزرا کی شیروانیاں تبدیل ہونا ہی تبدیلی ہے اناڑی کھلاڑی نے اقتصاد اور معیشت کو چاروں شانے چت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، ملکی بقاء اور سالمیت کی جدوجہد میں قوم کو قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کے سنگ چلنا ہوگا ورنہ بھیانک نتائج کا انتظار کریانہوں کہا ہے کہ ظالم اور جھوٹے حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے آج عوام کو خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا ہے وہ کس منہ سے پاکستان کانام لے رہے ہیں ،ملک بھر میں بدامنی معاشی بدحالی کا دور چل رہا ہے عوام ہر حوالے سے پریشان ہیں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہی ملک کی سب سے بڑی افرادی قوت اور پختہ نظریات رکھنے والی جماعت کی حیثیت سے مستقبل میں ابھر کر سامنے آئے گی‘ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے تین سالہ دور اقتدار میں عوام کو ذلت رسوائی،معیشت کی بربادی، بے روزگاری اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے، موجودہ نااہل حکومت کے خلاف تمام اپوزیشن کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ملک وقوم کے مفاد میں ہے اگر عمران نیازی کی حکومت مزید رہی تو اس کی تلافی آئندہ کئی سالوں میں ممکن نہ ہوگی انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت میں جتنی اذیت، ذلت اور رسوائی پاکستانی عوام کو دی گئی ہے اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی حکمرانوں نے الیکشن سے قبل عوام کو سبز باغ دکھائے ایک بھی پورا نہیں کیا انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل دعوں کے وہ پل باندھے جو ان کے بس کی بات نہیں عوام کو پچھلے دو سالوں میں مہنگائی، بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں ملا سو دن کے منصوبے سال کے منصوبوں میں تبدیل جبکہ تین سال کا عرصہ گزر جانے کو ہے حکمرانوں کے کئے گئے وعدے آج بھی ادھورے خواب بن کر رہ گئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تباہ کرکے رکھ دی گئی ملک کو بدنامی اور رسوائی کے علاہ کچھ نہیں دیا گیا انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مظبوط ہے اسے ناکام دیکھنے والوں کے خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوں گی

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں