؛شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 48ویں برسی کے موقع پر 2دسمبر بروز جمعرات کوئٹہ میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا

جمعہ 26 نومبر 2021 22:15

Mکوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2021ء) برصغیر پاک وہند اورپشتونخوا وطن کی آزادی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 48ویں برسی کے موقع پر 2دسمبر بروز جمعرات کوئٹہ میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا۔ جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پارٹی کے تنظیمی اجلاسوں ، عوامی جرگوں ،کارنرمیٹنگز کا سلسلہ جاری ہے۔

پشتون باغ اول علاقائی یونٹ کے توسیع اجلاس سے پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، ضلعی معاون سیکرٹری رحمت اللہ صابر، علاقائی سیکرٹری ولی جان اچکزئی ،تختانی بائی پاس شہید عثمان کاکڑ چوک معروف ٹائون ابتدائی یونٹ کے زیر اہتمام ایک بڑے عوامی اجتماع سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، خوشحال خان کاکڑ،حمد اللہ بڑیچ، محمد نعیم اچکزئی، حاجی امان اللہ خان بارگزئی،امین اللہ کاکڑ ،جاوید جھالاون بنگلزئی، نذیر احمداچکزئی ،افغانیہ خروٹ آباد کے توسیع اجلاس سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری یوسف خان کاکڑ ،ضلعی معاون سیکرٹری نظام عسکر ، علاقائی سیکرٹری اکبر خان خروٹی ،اکبر کلیوال ، جمیل تارن ،عبداللہ خروٹی ،ہزار ٹائون علاقائی کمیٹی اجلاس میں فقیر خوشحال کاسی ، عبدالعزیز نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے ملک کے قیام کے پہلے دن سے ملک کے حکمرانوں پر یہ واضح کیا تھا کہ اندرون خانہ سازشوں سے آمریت اور آمریت نواز قوتوں کیلئے راہ ہموار کرکے سیاست ، جمہوریت ، ون مین ون ووٹ ، عوام کی منتخب پارلیمنٹ سے انکار اور 26سال ملک کو بے آئین رکھنا اور پہلا آئین اُس وقت دیا گیا جب ملک دولخت ہوچکا تھا۔

انہوں نے کہاکہ آج بھی ملک میں جمہوریت نواز اور آمرانہ قوتوں کے درمیان کشمکش جاری ہے پشتونخوامیپ ملک میں وہ واحد سیاسی پارٹی ہے جس نے نہ کبھی کسی آمر کی حمایت کی اور نہ آمرانہ قوتوں کی تشکیل کرد ہ اتحادوں کا حصہ بنی ہے۔ ایجنسیوں کی مسلسل مداخلت سے آج ملک عالمی طور پر تنہائی اور اندرونی طور پر معاشی سیاسی آئینی بحرانوں کا شکار ہوچکا ہے ، ملکی آئین میں انسانی حقوق کے تمام 21آرٹیکل کی خلاف ورزی جاری ہے آج ملک کا عدلیہ آزاد نہیں،ملک میں بدترین مہنگائی سخت ترین بیروزگاری ہے ،ملک میں پیٹرولیم مصنوعات ، گیس ، بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور ساتھ ہی نایابی نے ملک کے 22کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔

اشیاء ضرورت آٹا ، چینی ، گھی ، دالیں ، گوشت ،ادوئیات اور دیگر کی قیمتیں عوام کی دسترس سے باہر ہوچکے ہیں اس طرح روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور گراوٹ سلیکٹڈ ناکام نااہل اور مسلط حکمرانوں کے تحفے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلط نااہل ناکام سلیکٹڈ حکومت اور ان کے پیداکردہ ناقابل برداشت صورتحال سے نجات کیلئے عوام کو باہر نکلنا ہوگا کیونکہ مسلط حکمران کا ہر دعوہ وبیان جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوچکا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ2دسمبر کو کوئٹہ میں منعقد ہونیوالے عظیم الشان جلسہ عام میں اپنی بھرپور شرکت کویقینی بناکر قوم دوستی ، وطن دوستی ، جمہوریت پسندی کا ثبوت دیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں