حکمرانوں کی غفلت ،کوتاہی مسائل حل کرنے سے روگردانی کی وجہ سے حق دوتحریک شروع ہوگئی ہے

بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ کرنے ہوں گے ،امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی

جمعرات 20 جنوری 2022 00:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غفلت ،کوتاہی مسائل حل کرنے سے روگردانی کی وجہ سے حق دوتحریک شروع ہوگئی ہے ۔بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ کرنے ہوں گے بلوچستان کے سلگتے مسائل وعوام کی پریشانیوں پر حکومت واپوزیشن کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے ۔

اس حکومت میں بھی حکومت واپوزیشن عوام کے بجائے ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں ۔ حکمرانوں نے بلوچستان کے نوجوانوں سمیت قوم کو مایوس اور مسائل ومشکلات کی طرف دھکیل دیا ہے۔الحمداللہ حق دو تحریک کی بدولت عوام میں شعور آگیا اور مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی شکل میں انہیں مسیحا مل گیا انشاء اللہ حق دو تحریک کے قائد مولاناہدایت الرحمان بلوچ اہل بلوچستان کو حقوق دلاکر مسائل وپریشانیوں میں کمی کریگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ منی بجٹ کے ذریعے عوام پر بجلی گرائی گئی ہے۔ ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نکالنے کے لیے نوجوان متحد اور ملک میں غلامانہ و ظالمانہ نظام کی جگہ اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے میدان میں نکلیں۔ نوجوان نہ صرف ملک کا قیمتی سرمایہ بلکہ تبدیلی نوید ہیں۔ بلوچستان کے لوگ روزگار تعلیم و صحت کیساتھ ساتھ پینے کے پانی اور بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

ملک و قوم اس وقت ظالمانہ نظام اور جاگیردارانہ و سرمایہ دارنہ سوچ کے حامل لوگوں میں پھنسے ہوئے اس نے نجات اور ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہونے کے لیے نوجوانوں کو آگے بڑہ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ظلم و ناانصافی کے خلاف اور اپنے حقوق کے لیے نوجوانوں کو اٹھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ بڑے انقلاب و حقیقی تبدیلی کے لیے نوجوان جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں۔

اسلامی پاکستان و خوشحال پاکستان بننے سے ہی بلوچستان بھی خوشحال ہوگااسی جدوجہد میں بلوچستان کے تمام مسائل کا حل ہے۔ مٹھی بھر جاگیردار و سرمایہ دار طبقے نے عوام کو یرغمال اور اپنا غلام بنا رکھا ہے۔ آپ ؐ کے علاوہ ہم کسی کے غلام نہیں یہ شعور عوام کے اندر بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ 73 سال سے برسر اقتدار طبقہ عوام کو کوئی سہولت نہیں دے سکا۔ سونے کا چمچہ منہ میں لیکر پیدا ہونے والے شھزادے حکمرانوں کو عوام کے دکھ درد کا کیا پتہ ہے عوام اگر بیدار ہو جائے تو یہ طاقت کی بنیاد پر ہمیں غلام نہیں بنا سکتے۔ بلوچستان کے مظلوم عوام کے حقوقِ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد حق کے غلبے اور ظلم کے خاتمے کے لیے ہے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں