کیسکوکی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری،مجموعی طور پر600سے زائدایف آئی آرز کا اندراج

پیر 29 اپریل 2024 19:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) وفاقی وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی ٹیمیں صوبہ بھرمیں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہیں۔ ترجمان کیسکونے کہا کہ ا س سلسلے میں کیسکوکے زیر انتظام صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں ماہ ستمبرسے اب تک بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے پولیس سٹیشنوں میں 5ہزار827 تحریری درخواستیں ارسال کی گئیں جبکہ بجلی چوروں کے خلاف اب تک 601ایف آئی آرز کا اندراج کیا جا چکا ہے۔

اس کے علاوہ خصوصی مہم کے دوران کیسکونے اب تک صوبہ کے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی میٹروں کو شنٹ کئے جانے والے 23ہزار370گھریلوکنکشنز، 7ہزار981کمرشل کنکشن جبکہ 2ہزار386زرعی کنکشنزاور 485صنعتی صارفین کے کنکشنز منقطع کرکے بعد ازاں اُن پر جرمانے عائد کردئیے اورمجموعی طورپرایک کروڑ20لاکھ 16ہزاربجلی یونٹ ڈیٹیکشن کی مد میں چارج کئے گئے ، چارج شدہ بجلی یونٹس کی قیمت تقریباً61کروڑ82 لاکھ20ہزارروپے بنتی ہے جن میں سے کیسکونے57کروڑ51 لاکھ24ہزارروپے وصول کر لئے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں روزانہ کی بنیاد پرنادہندگان سے بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کی وصولی کاعمل بھی جاری ہے اوراس سلسلے میں ماہ ستمبر سے اب تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین ، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں بقایاجات کی مدمیں 2 لاکھ34ہزار546 نادہندہ صارفین سے تقریباً3 ارب54کروڑ95لاکھ روپے بھی وصول کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ کیسکو ٹیموں کی جانب سے صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھرپورکارروائیاں جاری ہے، لہٰذا تمام صارفین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ذمہ بجلی بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ بقایاجات بھی اداکریں۔علاوہ ازیں تمام صارفین بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجتناب کریں ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں