پولیس آسامیوں پر بھرتی میں میرٹ کی پاسداری اولیں ترجیح ہے ،امیدوار کسی نوسر باز کی باتوں میں نہ آئیں، ڈی آئی جی

پیر 15 اپریل 2024 23:04

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) ڈی آئی جی و چیئرمین بھرتی کمیٹی گوہر مشتاق بھٹہ نے کہا ہے کہ پولیس آسامیوں پر بھرتی میں میرٹ کی پاسداری اولیں ترجیح ہے ،امیدوار کسی نوسر باز کی باتوں میں نہ آئیں، سفارش یا دیگر ہتھکنڈوں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے محنت کریں،انہوں نے کہا کہ پولیس بھرتی کے سلسلہ میں خلاف قانون سرگرمیوں اور جعل سازوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور ایس پی خالد رشید کے ہمراہ صادق شہید پولیس لائن میں کانسٹیبلان، لیڈی کانسٹیبلان، ڈارئیور کانسٹیبلان اور ٹریفک اسسٹنٹ کی آسامیوں پر بھرتی کے سلسلہ میں جسمانی پیمائش کے پہلے روزگفتگو کرتے ہوئےکیا، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس کے ویژن کے مطابق پولیس میں جاری بھرتی میں میرٹ کی پاسداری اولیں ترجیح ہے، اس سلسلہ میں نہ تو کسی قسم کی سفارش یا دیگر کوئی ہتھکنڈہ کام آئے گا اور نہ ہی اس سلسلہ میں کوئی امیدوار کسی نوسر باز کے چکنی چوپڑی لچھے دار باتوں میں آکر کسی کو پیسے دے، اس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، ہم پنجاب پولیس کو میرٹ پر پورا اترنے والے اچھے نوجوان بھرتی کر  کے دیں گے جس پر بھرتی ہونے والوں کو ہمیشہ فخر رہے گا اور وہ بہترین خدمات سرانجام دیں گے، اس موقع پر ڈی پی او نے بتایا کہ بھرتی کے لیے آنے والے نوجوان امیدواروں کی رہنمائی کے لیے پولیس لائن گیٹ پر میل اور فی میل کے  لیے الگ الگ دو کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں، بیٹھنے کے لیے شامیانہ، پینے کے لیے شفاف پانی کا انتظام کیا گیا ہے، انتظار کی زحمت سے بچانے کے لیے جسمانی پیمائش کے لیے 14 بوتھ قائم کیے گئے ہیں اور پولیس لائن کی سیکیورٹی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔

\378

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں