پنجاب بھر کی زرعی منڈیوں میں نیلامی کے ریکارڈ کی سخت نگرانی کے احکامات جاری

زرعی منڈیوں میں مڈل مین کے کردار کو محدود کرنے پر غور شروع، زرعی و غلہ منڈیوں سے تجاوزات ختم کرنے کی ہدایات

بدھ 26 ستمبر 2018 20:23

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) محکمہ زراعت پنجاب نے سبزیوں و دیگر زرعی اجناس کی قیمتوں پر کنٹرو ل رکھنے کے لیے پنجاب بھر کی زرعی منڈیوں میں نیلامی کے ریکارڈ کی سخت نگرانی کے جامع نظام کی تشکیل کی ہدایات دی ہیں ۔یہ ہدایات سپیشل سیکرٹری زراعت (مارکیٹنگ) احسان بھٹہ نے پنجاب ایگری کلچر مارکیٹنگ ( پیام )کے ڈائریکٹر کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر دیں ۔

محکمہ زراعت راولپنڈی کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ اسپیشل سیکرٹری زراعت (مارکیٹنگ) نے قائم فنڈ بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ ہول سیل مارکیٹ کیلئے ایک جامع پلان بنائے تاکہ زرعی منڈیوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی منڈیوں میں مڈل مین کے کردار کو محدود کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

قومی خبر ایجنسی کو دستیاب معلومات کے مطابق اسپیشل سیکرٹری زراعت (مارکیٹنگ) نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے کہ زرعی و غلہ منڈیوں میں تجاوزات کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے اور کرپشن کا خاتمہ کر کے قومی آمدن میں اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرعی منڈیوں کی صفائی و ستھرائی پر خاص توجہ دی جائے اور شہریوں کو گرد و غبار اور تعفن سے پاک سبزیاں اور پھل مہیا کیے جائیں۔ احسان بھٹہ نے مانیٹرنگ کمیٹی کو مارکیٹ کمیٹیوں میں قائم پارکنگ اسٹینڈ اور نرخنامے کی نیلامی میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں اور موجود خلا پر قابو پانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے اشیائے ضروریہ کی مارکیٹ منڈیوں میں دستیابی یقینی بنانے کیلئے ایک جامع پروگرام بھی تشکیل دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں