راولپنڈی میں جدید وہیکل انسپیکشن سرٹیفکیشن سٹیشن (آج)سے فعال ہو گا

فی وہیکل انسپکیشن فیس 1080روپے ، ڈلیوری وین ، کیب ،رکشاء اور موٹر سائیکل رکشاء کی انسپکیشن فیس 720روپے ہو گی

اتوار 19 مئی 2019 17:30

راولپنڈی 19مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) راولپنڈی میں گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیشن کا جدید نظام (آج ) پیر سے فعال ہو جائے گا ،عشروں پرانے وہیکل انسپکشن سسٹم کو ماڈرن نظام سے ہم آہنگ ورکشاپ روات میں آپریشنل کر دی گئی ۔ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ پنجاب حکومت نے مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی فٹنس نجی کمپنی اوپس (OPUS)سے پاس کروانا لازم قرار دیا گیا ہے ۔

جدید ترین سہولیات اور مشینری سے لیس وہیکل انسپیکشن سرٹیفکیشن سٹیشن (VICS) راولپنڈی میں فعال کر دیاگیا ہے ۔ جدید ورکشاپ کے قیام کے لیے جی ٹی روڈ پر روات کے قریب تعمیراتی کام کی تکمیل ہو چکی ہے اور 13کنال اراضی پر بننے والی جدید ورکشاپ میں مشینری کی تنصیب بھی کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے سرکاری نیوز ایجنسی کو بتایاکہ اوپس نامی نجی سویڈش فرم پنجاب بھر کے تمام 36اضلاع میں 39 جدید وہیکل انسپیکشن سرٹیفکیشن سٹیشن (VICS)قائم کرنے شروع کر دیئے ہیں جہاں پر کمرشل مال بردار اور مسافر گاڑیوں کی فٹنس جدید ترین اصولوں کی روشنی میں اعلیٰ ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی اور صرف مطلوبہ معیار کی حامل گاڑیوں کو فٹنس سرٹفکیٹ فراہم کیاجائے گا ۔

اس ضمن میں سرکاری خبر رساں ایجنسی کو دستیاب معلومات کے مطابق گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیشن کے جدید نظام کے اطلاق کے لیے پنجاب کے 13اضلاع ساہیوال ،منڈی بھائوالدین ،حافظ آباد ،رحیم یار خان ،لاہور (ملتان روڈ )،میانوالی ،ڈیرہ غازی خان ،راولپنڈی ،لیہ ،مظفر گڑھ ،ننکانہ صاحب ،لودھراں ،سرگودھا اور گوجرانوالہ میں جدید ورکشاپس کی تکمیل کے بعد انہیں فعال کر دیا گیا ہے اور اوپس نامی نجی کمپنی کو ان ورکشاپس میں گاڑیاں کی انسپیکشن سرٹیفکیشن کا مجاز بنا دیا گیا ہے ۔

اس حوالے سے ذمہ دار ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ ان اضلاع کے موٹر وہیکل ایگزامینر دفاتر کو سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے کے ذریعے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان اضلاع میں وہیکل سرٹفکیششن فی الفور روک دیں اور گاڑیوں کو صرف متعلقہ اوپس ورکشاپ میں بھیجاجائے اور جدید ورکشاپس میں بھجوائی جانے والی گاڑیوں کا مکمل ریکارڈ سیکرٹری پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو بھجوایا جائے ۔

اس حوالے سے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ 1080روپے فی وہیکل انسپکیشن فیس وصول کرے گا جبکہ ڈلیوری وین ، کیب ،رکشاء اور موٹر سائیکل رکشاء کی انسپکیشن فیس 720روپے وصول کی جائے گی۔وہیکل انسپکشن فیس شیڈول کے مطابق تجدید سرٹفیکیٹ کی مد میں ایچ ٹی وی سے 540روپے جبکہ ایل ٹی وی سے 450روپے ششماہی فیس وصول کی جائے گی ۔ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام نے خبردار کیاکہ حادثات کی شرح میں کمی اور روڈ سیفٹی یقینی بنانے کے لیے کسی بھی پبلک ٹرانسپورٹ وہیکل کو بغیر مصدقہ فٹنس سرٹفیکیٹ کے سڑک پر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ایک سوال کے جواب میں ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام نے اے پی پی کو بتایاکہ چھوٹی گاڑیوں کو انسپکشن سرٹفیکیٹ کی فراہمی کے لیے شہر میں ایک اور وہیکل انسپکشن سٹیشن بھی قائم کیاجائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں