اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو بھرپورجواب دیں گے، ہم تیار ہیں،

بھارت کو چین‘ نیپال سرحد کے علاوہ دیگرمحاذوں پر بہت بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ، بھارت میں انسانی حقوق کی شدید پامالی کی جارہی ہے، وہ چاہتا ہے ان تمام چیزوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کی طرف لائن آف کنٹرول پر ایڈوانچرازم کیا جائے، بھارتی سینئر ملٹری قیادت لانچ پیڈ کا الزام لگاتی ہے، یواین مبصرین گروپ کومکمل آزادی ہے پاکستان کی سائیڈ پرجہاں مرضی جا سکتے ہیں‘ میجر جنرل افتخار بابر

جمعرات 4 جون 2020 00:01

اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو بھرپورجواب دیں گے، ہم تیار ہیں،
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل افتخار بابر نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر دشمن ملک نے کسی قسم کی جارحیت کی تو بھرپورجواب دیں گے، ہم تیار ہیں، کسی قسم کا شک نہیں ہونا چاہیے، فل مائنڈ کے ساتھ جواب دیں گے، بھارت کو چین‘ نیپال سرحد کے علاوہ دیگرمحاذوں پر بہت بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، بھارت میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے جس سے معیشت کوشدید ترین دھچکے لگ رہے ہیں‘ بھارت میں انسانی حقوق کی شدید پامالی کی جارہی ہے، وہ چاہتا ہے ان تمام چیزوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کی طرف لائن آف کنٹرول پر ایڈوانچر کیا جائے۔

وہ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کچھ عرصے سے صورتحال بہت تشویشناک ہے، بھارت آگ سے نہ کھیلے، فوجی مہم جوئی کے نتائج کنٹرول سے باہر ہوں گے‘ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستان کی فوج بہت بہتر طریقے سے جواب دے رہی ہے، بھارت کے کواڈ کاپٹرز نے کئی بار خلاف ورزی کی جنہیں مار گرایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی شدید پامالی کی جارہی ہے، وہ چاہتا ہے ان تمام چیزوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کی طرف لائن آف کنٹرول پر ایڈوانچرازم کیا جائے، اگر دشمن ملک کسی قسم کی جارحیت کی توبھرپورجواب دیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت نیپال سرحد پر نقشوں میں بھی ان کو بڑی شرمندگی ہوئی، وہاں پر اسلامو فوبیا کی اٹھنے والی لہر کو پوری دنیا نے محسوس کیا ہے، اس ساری صورتحال پر نظر ہٹانے کے لیے بھارت ایل او سی پر کوئی کارروائی کرنا چاہتا ہے جس کے لیے وہ سٹیج بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا سب سے بڑا ڈرامہ پلواما ٹو تھا، ڈرامہ کر کے دن کی روشنی میں گاڑی کوتباہ کیا تاکہ شواہدنہ مل سکیں، بھارت اس ساری کارروائی کے ذریعے سٹیج بنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرمظالم کوپوری دنیا دیکھ رہی ہے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کو دبانے کے لیے کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے، بھارتی فورسزنے 7سال کے بچے کوبھی معاف نہیں کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی سینئر ملٹری قیادت لانچ پیڈ کا الزام لگاتی ہے، یواین مبصرین گروپ کومکمل آزادی ہے پاکستان سائیڈ پرجہاں مرضی جاسکتے ہیں‘ پاکستان عالمی میڈیا کو لائن آف کنٹرول پر کئی بار لے جا کر بھی جا چکا ہے‘ پاکستان نے عالمی میڈیا سمیت مبصرین کو کبھی کسی قسم کی رسائی سے انکار نہیں کیا، بھارت بھی یو این مبصر گروپ، عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے تو چیزیں بہت کلیئر ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہر ناکامی کا حل ہمارے خلاف مہم جوئی میں ڈھونڈتا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں