پاکستان نے بیلسٹک میزائل شاہین 3 کا کامیاب تجربہ کرلیا

شاہین تھری نے بحیرہ عرب میں ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر

بدھ 20 جنوری 2021 20:53

پاکستان نے بیلسٹک میزائل شاہین 3 کا کامیاب تجربہ کرلیا
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) پاکستان نے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس کے دوران میزائل نے بحیرہ عرب میں اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے شاہین 3 میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، زمین سے زمین تک 2 ہزار 750 کلومیٹر رینج کے حامل شاہین تھری میزائل کے تجربے میں ویپن سسٹم کے ٹیکنیکل پیرا میٹرز کو جانچا گیا جبکہ شاہین تھری نے تجربے کے دوران بحیرہ عرب میں اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، ڈی جی اسٹریٹجک پلانز ڈویڑن، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورس کمانڈ، چیئرمین نیسکام اور دیگر اعلیٰ حکام نے تجربے کا مشاہدہ کیا جبکہ صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس نے میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں