آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بیلاروس کے سفیر کی ملاقات

دفاعی تعاون، علاقائی سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال، سفیر بیلاروس کا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا عزم، پاکستان بیلاروس کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 3 دسمبر 2021 18:57

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بیلاروس کے سفیر کی ملاقات
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2021ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بیلاروس کے سفیر نے ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون، علاقائی سکیورٹی اور افغان صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے، بیلاروس کی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا عزم کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بیلا روس کے سفیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بیلاروس کے سفیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دفاعی تعاون اور علاقائی سکیورٹی بڑھانے سمیت افغان صورتحال اور انسانی ہمدردی کے اقدامات سے متعلق تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کو عالمی بحران سے بچانے کیلئے عالمی معاونت پر زور دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ عالمی معاملات میں بیلاروس کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان بیلاروس کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔ بیلاروس کے سفیر نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا، بیلا روس کے سفیر نے بارڈر مینجمنٹ اور علاقائی استحکام پر بھی پاکستان کی تعریف کی۔ بیلا روس سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں