سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے بازاروں میں گشت بڑھایا جائے گا،سی پی او

راولپنڈی شہر کے لیے سیف سٹی پروجیکٹ پرجاری کام مقررہ مدت میں مکمل ہو جائے گا،فیصل رانا

بدھ 13 نومبر 2019 16:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) سی پی او راولپنڈی فیصل رانانے کہا ہے کہ راولپنڈی شہر کے لیے سیف سٹی پروجیکٹ پرجاری کام مقررہ مدت میں مکمل ہو جائے گا، جرائم کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی ناگزیر ہے، مارکیٹوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور مانیٹرنگ کے حوالے سے چیمبر اور انجمن تاجران کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدرصبور ملک کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل خان، نائب صدر حمزہ سروش ، انجمن تاجران کے نمائندے ایگزیکٹو ممبران بھی شامل تھے ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سی پی او نے کہاکہ شہر سے جرائم کے خاتمے کے لیے چیمبر آف کامرس کی تجاویز خوش آئند ہیں،سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے بازاروں میں گشت بڑھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ حالیہ دنوں میںشہر کی مارکیٹوں میں ڈکیتی، قتل اور راہزنی کی واردتوں پر پولیس کا فوری ایکشن قابل ستائش ہے امید ہے مجرموں کی گرفتاری اور ریکوری بھی جلد ہو گی، ایف آئی آر درج کرانے کا عمل سہل کیا جائے ۔ سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے پولیس گشت اور نفری بڑھائے، پولیس چوری کی وارداتوں کو روکنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے۔

سیف سٹی کو جلد مکمل کیا جائے، راولپنڈی چیمبر شہر میں امن و امان کو قائم کرنے کے لیے تما م تر وسائل بروے کار لائے گا۔بہتر کورآڈینیشن کے لیے چیمبر میں ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے، سکیورٹی کمپنیوں اور گارڈز کی سکروٹنی کی جائے ، گارڈز کی تربیت پولیس اکیڈمی سے کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ قریبی رابطوں سے تاجر برادری سے جڑے مختلف مسائل خاص طور پر امن و امان کی بحالی میںمدد ملے گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں