راولپنڈی کے مشہور صابرہ بی بی قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا

جرم ثابت ہونے پر قتل کے مرکزی ملزم عرفان عرف نکو کو سزائے موت ، تین ملزمان کو عمر قید کی سزا

منگل 25 ستمبر 2018 22:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) راولپنڈی کے مشہور صابرہ بی بی قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔فیصلہ اڈیالہ سنٹرل جیل میں جیل ٹرائل کے بعد ایڈیشنل سیشن جج گلزار احمد خالد نے سنایا ۔ عدالت کے فیصلہ کے تحت قتل کے مرکزی ملزم عرفان عرف نکو کو سزائے موت اور پانچ لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ تین ملزمان رمضان، وحید اور انوار کو عمر قید کی سزا سنا ئی گئی ۔

استغاثہ تاجی کھوکھر اور اس کے دوبیٹوں سمیت مقدمہ میں شامل دیگر اٹھارہ ملزمان پر جرم ثابت نہیں کرسکا۔ جس کے بعد عدالت نے تاجی کھوکھر اس کے دوبیٹوں سمیت چھ پولیس افسران و اہلکار کو مقدمہ سے بری کردیا۔ فیصلہ کے موقع پر اڈیالہ جیل میں لگائی گئی خصوصی عدالت میں تمام ملزمان موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملزمان پر الزام تھا کہ صابرہ بی بی کو سترہ اگست دو ہزار بارہ کو پلاٹ کے تنازع پر عدالتی کمیشن کے سامنے فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں مدعی مقدمہ راجہ یعقوب کی اہلیہ صابرہ بی بی موقع پر دم توڑ گئی تھی۔ مقدمہ تھانہ ایرپورٹ پولیس نے قتل انسداد دہشت گردی ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت امتیاز عرف تاجی کھوکھر وغیرہ کے خلاف درج کیا تھا۔ ملزمان کی جانب سے سیون اے ٹی اے کو چیلنج کیا گیا جس کے بعد سیون اے ٹی اے مقدمہ سے حزف کردی گئی۔مقدمہن سماعت کے لیین سیشن کورٹ منتقل ہوا مقدمہ کی حساسیت کے پیش نظر صوبائی وزارت داخلہ نے جیل ٹرائل کی منظوری دی تھی۔

ملزمان کے خلاف مقدمہ سترہ اگست دوہزار بارہ میں تھانہ ایرپورٹ میں درج کیا گیا تھا۔مقدمہ کی تحقیقات کے دوران ڈی ایس پی طارق محبوب دو ایس ایچ او افضال شاہ اور عزیز اسلم نیازی اور سب انسپکٹر عصمت سمیت دو دیگر پولیس اہلکار بھی ملزم ٹھہرائے گئے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں