سی پی او کا تھانہ جاتلی کے علاقہ میں دوہرے قتل کی واردات کا نوٹس، ملزم گرفتار

بدھ 16 اکتوبر 2019 18:34

راولپنڈی 16اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) سی پی او کا تھانہ جاتلی کے علاقہ میں دوہرے قتل کی واردات کا نوٹس،ایس پی صدر رائے مظہر اقبال نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دوہرے قتل کے ملزم کو گرفتار کروا دیا،زخمی شخص نے دم توڑنے سے قبل ملزم کا نام بتایا تھا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب تھانہ جاتلی کے علاقہ موہڑاں شیراں میں نا معلوم ملزمان کی فائرنگ سے نوید احمد جاں بحق جبکہ نثار احمد شدید زخمی ہو گیا،وقوعہ کے بعد واردات کے حوالے سے مختلف محرکات زبان زد عام ہوئے، اطلاع ملنے پر سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر رائے مظہر اقبال کو موقع پر بھجوایا اورڈیڈ لائن دی کہ اگر24گھنٹوں میں ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو میں خود جائے وقوعہ پر اپنا کیمپ آفس بناؤں گا وہیں سے پنڈی پولیس کی کمانڈنگ ہو گی اور اسوقت تک کیمپ آفس بیٹھا رہوں گا جب تک ملزمان گرفتار نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

ایس پی صدر رائے مظہر اقبال موقع پر پہنچے وہاں سے اپنی نگرانی میں شواہد اکٹھے کروائے،ایس پی ہسپتال میں زیر علاج شدید زخمی نثار احمد کو دیکھنے پہنچے تو وہ ہوش میں تھا اور اس نے بتایا کہ ہمارے اوپر فائرنگ ملزم شبیر نے کی ہے،تھوڑی دیر بعد نثار بھی دم توڑ گیا جس کے بعد اس وقوعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد2ہو گئی،ایس پی نے جیسے ہی شدید زخمی کا نزاعی بیان سنا تو وہ پولیس کے ہمراہ ملزم کی گرفتاری کے لئے خود نکلے،دوہرے قتل کی واردات کے چند گھنٹوں کے بعد وقوعہ کے مرکزی ملزم شبیر کو گرفتار کر لیا گیا جس سے تفتیش جاری ہے،سی پی او فیصل رانا نے دوہرے قتل کی واردات کو ٹریس کرنے اور ملزم کی گرفتاری پر ایس پی صدر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پرفیشنل پولیسنگ کا یہی تقاضا ہے کہ ہائیر اتھارٹی کی طرف سے دی گئی ڈیڈ لائن کے اندر واردات ٹریس ہو اور ملزمان گرفتار ہوں،سی پی او نے کہا کہ دوہرے قتل کی اس واردات کے محرکات کا بھی گراس روٹ لیول تک جائزہ لینا ہو گا،انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم سے تفتیش کے دوران اگر اور ملزمان یا سہولت کار سامنے آئیں تو انہیں بھی گرفتار کیا جائے اور مجھے اس حوالے سے روزانہ اپ ڈیٹ رکھا جائے،سی پی او کو بتایا گیا کہ وقوعہ کا مقدمہ تھانہ جاتلی میں درج کر لیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں