پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے ،ساجد علی قریشی

پیر 11 نومبر 2019 23:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات ساجد علی قریشی نے کہا ہے کہ جب ہم پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب سیاست سمیت معاشرت کے تمام شعبوں میں وہ قوانین لاگو کرنا ہوتاہے جو دور نبوی ﷺ اور حلفائے راشدین کے دور حکومت میں رائج تھے ․ ہمیں اس کیلئے بہت سخت محنت کی ضرورت ہے جس کیلئے سب سے پہلے ہمیں اوپر کی سطح پر حکمرانوں سے لے کر نیچے عوام کی سطح تک سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے جس کے بارے میں وزیر اعظم عمران خان اپنا بیانیہ دیتے رہتے ہیں ․ مالی و اخلاقی کرپشن میں ڈوبا ہوا استحصالی نظام بدلنے کیلئے جس مزاحمت کا سامنا ہمیں کرنا پڑ رہا ہے اس کے بارے میں بھی عمران خان قوم کو پہلے بتا چکے ہیں ․ ناموس رسالت ﷺ اور نظام مصطفے ﷺ کیلئے عمران خان نے کفر کے ان ایوانوں میں کلمہ حق بلند کیا جہاں ماضی کے حکمران بولنے سے بھی کتراتے تھے ․ یوم ولادت رسول مقبول ﷺ کے موقع پر ہم سب کو عہد کرنا چائییے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے عمل میں ہم وزیر اعظم عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں گے ․موجودہ مشکلات عارضی اور ماضی کی کرپشن کانتیجہ ہیں جن سے ہم بہت جلد باہر نکل آئیں گے ․ انہوں نے یہ بات شکریال سے میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مختلف میلاد کمیٹیوں کے زیر اہتمام نکالے جانے والے جلوسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ کا دوسرا حصہ رسالت محمدی ﷺ پر مبنی ہے جس کے بغیر ایمان نہیں اور ہم جب تک اپنے نبی ﷺ کے ساتھ محبت اور عشق کے تقاضے یعنی ان کی اتباع کو نہیں اپنا لیتے اس وقت تک ہم کامل مسلمان نہیں بن سکتی․ نبی ﷺ کے ساتھ عشق و محبت کی یہی کاملیت ریاست مدینہ کی بنیاد ہے جس پر ہماری حکومت بہت محنت اور خلوص کے ساتھ کام کر رہی ہے ․ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے کہ جس نے میرے بزرگ امتی کا احترام کیا گویا اس نے میرا احترام کیا ․ ہماری حکومت اس احترام کو بہت وسیع معنوں میں لیتی ہے یعنی کوئی بھی فرد اپنی کسی معاشی و معاشرتی ضرورت کیلئے مانگنے کا محتاج نہ ہو ․ ساجد علی قریشی نے کہا کہ پوری قوم کو یک جان ہو کر پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا سفر آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چائییے ․ آج اسلام آباد میں جو دھرنا دیا جا رہا ہے اس کے منتظم گذشتہ 32 سال سے اقتدار کے ایوانوں سے وابستہ رہے مگر آج بھی وہ نظام بدلنے کیلئے صرف نعرے لگا رہے ہیں اور اس حکومت کو چیلنج کر رہے ہیں جو خود استحصالی نظام کو جڑ سے کاٹ کر پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں