این سی او سی کے مطابق کورونا وباء بارے آئندہ 15 سے 20 دن انتہائی اہم ہیں ،محمد بشارت راجہ

خدشے کے پیش نظر 16 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے ،شہری کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں،وزیر قانون پنجاب

ہفتہ 8 مئی 2021 14:16

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2021ء) پنجاب کے وزیر قانون وکوآپریٹیوز محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ این سی او سی کے مطابق کورونا وباء کے حوالے سے آئندہ 15 سے 20 دن انتہائی اہم ہیں اس خدشے کے پیش نظر آج سے 16 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا ہے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ کورونا کو ہرانا ہے یابھارت جیسی صورتحال پیدا کرنی ہے۔

(جاری ہے)

محمد بشارت راجہ نے کہا کہ ضروری ہے کہ شہری کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں۔ تمام شہری ذمہ داری کا احساس کریں،خود کو اوردوسروں کو کورونا سے محفوظ رکھیں۔ اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو سب کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا. محمد بشارت راجہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت کرونا پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے لیکن یہ اقدامات اسی صورت نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں جب عوام خود اپنی ذمہ داری کا احساس کرے اگر ہم نے دو ہفتے تک مکمل لاک ڈاؤن کی پابندی کی اور اپنے گھروں تک محدود رہے تو کرونا کی وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں